ایک نیوز: نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بہت اچھا ہوتا آج 2017 کے مقابلے میں بہتر حالات ہوتے۔ اس وقت معاشی حالات تشویشناک ہیں لیکن ہم اس قابل ہیں کہ ملکی حالات بہتر کرسکیں۔ہم 28 مئی والے ہیں 9 مئی والے نہیں ہیں۔
دبئی ایئرپورٹ پر نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج تقریباً4 سال بعد واپس جا رہا ہوں، ملک واپس جانے کی خوشی ہے، میرے خلاف مقدمات سے ملک کو نقصان پہنچا، بہت ہی اچھا ہوتا آج 2017کے مقابلے میں بہتر حالات ہوتے۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ دکھ کی بات ہے ملک آگے جانے کی بجائے پیچھے چلا گیا، ملک میں اضطراب والے حالات انتہائی پریشان کن ہیں، الیکشن کب کروانے ہیں، الیکشن کمیشن ہی فیصلہ کرے گا، پاکستان میں ایک آزاداور خودمختار الیکشن کمیشن موجود ہے، الیکشن کمیشن ہی انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ کرے گا۔
مزید پڑھیں: دبئی: نواز شریف وطن واپسی کیلئے ایئرپورٹ پہنچ گئے
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پاکستان آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ چکا تھا، میں اور میری بیٹی نے ڈیڑھ ڈیڑھ سو پیشیاں بھگتیں، رانا ثنااللہ اور حنیف عباسی کے ساتھ جو سلوک کیا گیا ،سب کے سامنے ہے، ہم 28مئی والے ہیں، 9مئی والے نہیں۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہم اس قابل ہیں کہ ملک کے حالات بہتر کرسکیں، پاکستان کے حالات دیکھ کر دل بہت اداس ہے، ملکی معاشی حالات تشویشناک ہیں، سرخرو ہو کر پاکستان جا رہا ہوں۔