بدلے کی تمنا نہیں ،تمنا ایک ہی ہے قوم خوشحال ہوجائے،نوازشریف

بدلے کی تمنا نہیں ،تمنا ایک ہی ہے قوم خوشحال ہوجائے،نوازشریف
کیپشن: There is no desire for revenge, the only desire is for the nation to prosper, Nawaz Sharif

ایک نیوز :مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ  مجھے کسی سے بدلے کی تمنا نہیں ، میری صرف ایک ہی تمنا ہے کہ ہماری قوم خوشحال ہوجائے ۔

تفصیلات کے مطابق مینار پاکستان جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ میری والدہ اور میری اہلیہ سیاست کی نذر ہو گئیں، یہ زخم کبھی بھرے گا نہیں،میں نے جیل میں کہا میری اہلیہ سے بات کرادیں کسی نے مجھے میری اہلیہ سے بات کرانے کی اجازت نہیں دی مجھے کہا گیا ہمیں اجازت نہیں ہے ۔

نوازشریف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ2017میں لوڈشیڈنگ عروج پر تھی، ہم نے لوڈشیڈنگ کے عذاب کو ختم کیا، ہم نے تو پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا،ہم تو پاکستان کی تعمیر کرنے والوں میں سے ہیں،کون ہے جو ہر چند سال بعد نواز شریف کو اس کی قوم سے جدا کر دیتا ہے؟ میں نے جب ایٹمی دھماکے کئے تو مجھے کہا گیا کہ دھماکے نہ کریں ، کلنٹن نے کہا آپ نے ایٹمی دھماکے نہیں کرنے بدلے میں پاکستان کو پانچ ارب ڈالر دیں گے،ہم نے اس وقت پانچ ارب ڈالر ٹھکرائے تھے ۔میری جگہ کوئی اور ہوتا تو وہ امریکی صدر کے آگے بول بھی نہ سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا جھنڈا کسی نے نہیں چھوڑا،مریم نواز کے خلاف بھی جعلی کیسز بنائے گئے،جیلوں میں ڈالا گیا، ملک بدر کیا گیا،میرے اور شہباز شریف کے خلاف بھی جعلی کیسز بنائے گئے،جب بھی موقع ملا کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔

میاں نوازشریف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو اسی لئے نکالا گیا کہ ہم نے ڈالر کو ہلنے نہیں دیا،میرے دور میں ڈالر  104روپے کا تھا،آج ڈالر کا ریٹ 250سے زیادہ ہے، اسی لئے ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے۔

نوازشریف نے مزید کہا کہ میرے دور میں پٹرول 60روپے لٹر ملتا تھا، روٹی4روپے کی اور آج 20روپے کی ہے،ملک آج بربادیوں کی حد تک چلا گیا، اب ملک کو واپس لائیں گے،میرے دور میں روٹی4 روپے کی تھی، کیا اسی لئے مجھے نکالا۔

نوازشریف نے مزید کہا کہ میرے دور میں پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جا رہا تھا،ہم نے دھرنوں کے باوجود آپ کے گھروں تک بجلی پہنچائی،2016 میں دھرنے کون کروا رہا تھا؟ اسلام آباد سے لاہور اور لاہور سے ملتان موٹر وے کس نے بنائی؟ہم نے بنائی ،لواری ٹنل  بھی ہم نے بنوایا ۔بجلی اس وقت سے مہنگی ہو رہی ہے جب آپ نے نواز شریف کو نکالا،لوگ ادھار لیکر بجلی کے بل ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پہلی بار وزیراعظم بننے کے بعد جو منصوبے شروع کیے اگر اُن پر کام ہوتا تو ملک میں کوئی غریب نہیں ہوتا اور ہر شخص اپنے بچوں کو اچھی پڑھائی، علاج کی سہولیات دے سکتا تھا جبکہ آج حالات اتنے مشکل ہوگئے۔
شہباز شریف کے دور حکومت میں مہنگائی کا سلسلہ پہلے سے شروع ہوچکا تھا، ڈالر کنٹرول میں نہیں تھا، چینی، پیٹرول مہنگا ہورہا تھا۔ 

نواز شریف نے اس موقع پر بجلی کے ایک بل کا موازنہ بھی کیا اور بتایا کہ ایک شہری کا جو بل 2016 میں 1300 کا تھا وہ اب مارچ 2022 میں 15 ہزار روپے تک پہنچ گیا جبکہ جس کا 2017 میں 760 روپے کا بل آیا اُس کا بل اب 8 ہزار روپے سے زائد آرہا ہے۔ کیا یہ بجلی شہباز شریف نے مہنگی کی۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم اپنی خارجہ پالیسی اور ہمسائیوں کے ساتھ تعلقات کا جائزہ لینا ہوگا اور کشمیر کے حل کیلیے باوقار طریقے و تدبیر کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، اگر بنگلادیش علیحدہ نہ ہوتا تو اقتصادی راہداری بن چکی ہوتی جس کے بعد بھارت محتاج ہوتا۔میں نے آج بہت ضبط سے کام لیا اور کوئی ایسی متنازع بات نہیں کی، آپ نے ملک کو سنبھالنا ہے تاکہ آئندہ کسی کی اتنی ہمت نہ ہو‘۔

انہوں نے کہا کہ نہ آپ نے کبھی دھوکا دیا نہ نواز شریف نے آپ کو دھوکادیا ،جب بھی موقع ملا خلوص سے آپ کی خد مت کی ،جب بھی موقع ملا کبھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔
میں نام نہیں لینا چاہتا فرق ملحوظ خاطر رکھنا چاہتا ہوں ،میں ایسے ماحول میں نہیں پلا کہ گندی باتوں میں ٹٹ فار ٹیٹ کروں۔میں اینٹ کا جواب پتھر سے نہیں دیتا ،ہمارا بیانیہ پوچھنا ہے تو ایٹمی دھماکوں ، میٹرو اور روٹی کی قیمت سے پوچھو ،ہمارا بیانیہ غریب کے بجلی کے بلوں سے پوچھو۔
نوازشریف کا کہنا تھاکہ ہمارا بیانیہ ہمارے اخلاق سے پوچھو ،ہمارا کام نہیں کسی کی پگڑی اچھالیں ، پگڑیاں اچھالنا کسی اور کا کام تھا۔ہماری بہنیں آ رام سے جلسہ سن رہی ہیں ،یہاں پر کوئی ڈھول کی تھا پ پر رقص نہیں ہو رہا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈبل اسپیڈ کے ساتھ دوڑنا ہو گا ،ہمیں ہاتھوں میں پکڑے کشکول کو توڑنا ہو گا ،ہمیں اپنے پاوں پر کھڑا ہونا ہو گا اور قوم کی غیرت و وقار کو بلند کرنا ہو گا۔ہمیں ملک سے مہنگائی اور بے روزگاری کو ختم کرنا ہوگا ،ہمیں ہمسائیوں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنا ہوں گے ۔
ہمسائیوں کے ساتھ تعلقات خراب کر کے دنیا کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں بھی تو آگے نہیں بڑھ سکتے ۔مشرقی پاکستان علیحدہ نہ ہوتا تو آج درمیان میں اکنامک کوریڈور بن چکا ہوتا ،ہمیں مسئلہ کشمیر کا حل نکالنا ہو گا۔آج مشرقی پاکستان ترقی میں ہم سے آگے نکل گیا ہے ،ہمیں اس صورتحال سے باہر نکلنا ہو گا ،میرا دل زخموں سے چور ہے، درد سے بھرا ہوا ہے۔

نواز شریف نے فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’دنیا سے اپیل ہے کہ وہ تنازع میں انصاف سے کام لے، فلسطین کا باعزت حل نکال کر انہیں اُن کا حق دیا جائے تاکہ وہ بھی چین اور سکون سے اپنی زندگی گزار سکیں، پاکستان فلسطینیوں کے ساتھ زیادتی کو کبھی قبول نہیں کرے گا‘۔
لیگی قائد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کا منشور پیش کیا اور کہاکہ ملک کو عظیم بنانے کے لیے ہمیں برآمدات کو بڑھانا، پاکستان کو آئی ٹی کے شعبے میں سپر پاور بنانا اور ملک میں انصاف کا نظام قائم کرنا ہوگا۔

نواز شریف نے تقریر سے پہلے شعر پڑھا

کہا سے چھیڑوں فسانہ کہاں تمام کرو۔۔۔۔۔۔وہ میری طرف دیکھیں تو میں سلام کرو ۔۔۔۔۔۔۔

نوازشریف کی سٹیج پر آمد

سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کے سٹیج پرپہنچنے پر مریم نواز  جذباتی ہو کر والد کے قدموں میں گر گئیں اورگلے لگ کر آبدیدہ ہوگئیں،والد نے بیٹی مریم نواز اور بھائی شہبازشریف کو گلے لگالیا۔

شہبازشریف کا جلسے سے خطاب 

اس سے قبل صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے کہا کہ یہ جلسہ پاکستان کا خوشبودار گلدستہ ہے۔مینارپاکستان کے سائے میں نوازشریف کا استقبال کرنے کیلئے آنیوالوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔میرے بزرگو،بیٹو! نوازشریف ایک جذبہ ،ایک جنون ہے اوریہ مسلم لیگ ن ہے ۔

شہبازشریف کا کہنا تھاکہ میرے بزرگو !یہ سمندر گواہی دے رہاہے کہ پاکستان کی تاریخ میں مینارپاکستان میں اس سے بڑا جلسہ 76سال میں کبھی نہیں ہوا میں آپ کو سلام پیش کرتا ہوں اور نوازشریف  معمار پاکستان ہیں جب انہوں نے قوم کی تقدیر بدلی ان کو اقتدار سے ہٹادیاگیا ۔تقریر میں نے نہیں کرنی یہاں تقریر عظیم مدبر نے کرنی ہے ۔جنہوں نے جیل کاٹی مگر صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا ۔

سابق وزیراعظم کاکہنا تھاکہ9مئی کا دلخراش واقعہ تو دور کی بات نوازشریف کے ہوتے ہوئے کبھی کوئی گملا نہیں ٹوٹا۔نوازشریف آگیا ہے کہ پاکستان کی انشا اللہ تقدیر بدلے گی ۔غربت ختم ہوگی ۔بیروزگاری ختم ہوگی ۔یاد ہے نا 2013میں 20،20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی یاد ہے نا ۔الحمد اللہ نوازشریف نے اللہ کے فضل کرم سے4سال میں وہ لوڈشیڈنگ ختم کی۔

شہبازشریف کاکہنا تھاکہ  اور وہ کون تھا جس نے 5ارب ڈالر کی آفر کو ٹھکرایا اور کہا کہ میں پاکستان کی عظمت پر سودانہیں کرونگا اور پاکستان کو ایٹمی دھماکے کیا اور پاکستان کو عظیم بنایا یہ وہ مینارپاکستان ہے جہاں پر واجپائی آیا اور مینارپاکستان کے سائے تلے اس نے کہا تھا کہ پاکستان بنتے وقت بڑے زخم لگے تھے مگر آج ہم پاکستان کو تسلیم کرتے ہیں اووروہ کشمیر کا وعدہ جو واجپائی نے کیا وہ نوازشریف سے کیا تھا۔پھر ایک ڈکٹیٹر آیا اور اس نے کہا کہ معاہدہ لاہور کاغذ کا ٹکڑا ہے اور پھر جا کر واجپائی سے ہاتھ ملا لیا۔صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف کے خطاب سے پہلے سابق وزیر خواجہ سعد رفیق نے شرکا سے ہاتھ اٹھوا کر فلسطینوں کے حق میں قرارداد پاس کروائی۔

نوازشریف جلسہ گاہ آمد

 سابق وزیراعظم نوازشریف کے بذریعہ ہیلی کاپٹر شاہی قلعہ پہنچنے پر صدر ن لیگ شہبازشریف،حمزہ شہباز،سلمان شہباز،سیف الملوک کھوکھر،خواجہ سعد رفیق نے استقبال کیا۔

جبکہ ملک بھر سے عوام کو جم غفیر مینار پاکستان جلسہ گاہ امڈ آیا ۔ جہاز سے نواز شریف کی آمد کی خوشی میں گل پاشی بھی کی گئی ۔ 

مینارپاکستان پر قافلوں کی آمد سے سماں بندھ گیا

نوازشریف کے استقبال کیلئے مینارپاکستان پر سماں بندھ گیا۔ پارٹی کارکنان اور پاکستان کے مختلف ثقافتی لباس میں ملبوس فنکاروں نے سندھی، بلوچی اور پشتو زبان کے ترانوں پر ثقافتی رقص پیش کیا۔سندھ اور خیبرپختونخوا سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ دن بھر جاری رہا ۔ سابق گورنر سندھ محمد زبیر بھی قافلے کے ہمراہ جلسہ گاہ پہنچے۔ سینئر لیگی رہنما خرم دستگیر بھی جلسہ گاہ پہنچے۔ سٹیج پر شیر شیر کے نعرے لگ گئے۔سینئر لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق بھی جلسہ گاہ پہنچےاور انہوں نے  کارکنان کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔

مریم نواز کی والدہ کی قبر پرحاضری، فاتحہ خوانی:

پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے آج جلسہ گاہ جانے سے قبل جاتی امراء میں اپنی والدہ اور دیگر بزرگوں کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

فلائٹ تاخیر 

دریں اثناء نواز شریف کی اسلام آباد سے لاہور روانگی کیلئے فلائٹ تاخیر کا شکار ہوگئی ، جس کی وجہ مسلم لیگ ن جاپان کے صدر کو طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے طیارے سے آف لوڈ کردیا گیا ۔بتایا گیا کہ ن لیگ جاپان کے صدر نوراعوان کو پرواز سے آف لوڈ کردیا گیا ۔ ان کے ساتھ ناصر جنوعہ بھی طیارے سے اتر گئے ۔ جس کے بعد اسلام آباد سے لیگی قائد کے طیارے نے لاہور کیلئےاڑان بھری۔لیگی قائد کاطیارہ 4 بجکر 20 منٹ پر لاہور کے لیے روانہ ہوا ۔  میاں نواز شریف کا طیارہ اسلام آباد کی فضائی حدودمیں داخل ہواتو اسلام آباد ٹریفک کنٹرول نے میاں نواز شریف کے طیارے کو خوش آمدید کہا، اے ٹی سی کی جانب سے طیارے کو لینڈنگ کے لیے گرین سگنل  دیا گیا۔خصوصی پرواز 'امیدپاکستان' اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وےپر لینڈ کیا۔

 

دوسری جانب نواز شریف کی اسلام آباد ایئرپورٹ پر قانونی ٹیم سے مشاورت ہوئی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے درخواست پر بھی دستخط کئے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بیماری کی وجہ سے ملک سے باہر تھا، زیرعلاج ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہو سکا، بیماری کی وجہ سے مجبور تھا، اپیل دائر کرنے کے دوران جو تاخیر ہوئی اور عرصہ کے لیے  استثنیٰ  دیا جائے۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف چار سال بعد وطن واپس پہنچے ہیں۔ جس کیلئے دبئی سے خصوصی چارٹرڈ فلائٹ بک کروائی گئی ہے۔ان کی خصوصی فلائٹ کو 'امیدپاکستان' کا نام دیا گیا ہے۔ جس نے 10 بجکر 42 منٹ پر پاکستان کیلئے اڑان بھری۔خصوصی پرواز میں 164 مسافر سوار تھے۔خصوصی طیارے کی بزنس کلاس میں 16 مسافر سوار تھے۔

https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-10-21/news-1697871247-3485.mp4

ایئرپورٹ پر کارکنوں کے نعرے:

قائد مسلم لیگ ن نواز شریف ایمریٹس ہلز میں گھر سے ایئرپورٹ پہنچے۔جہاں لیگی کارکنان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔ نوازشریف نے اس موقع پر کارکنان سے ہاتھ ملایا اور ان کے نعروں کا جواب بھی دیا۔پرواز میں سوار کارکنوں کیجانب سے بھی خوب نعرے بازی کی گئی۔

فلائٹ 'امیدپاکستان' میں کارکنان کے نوازشریف کے حق میں نعرے:

میاں محمد نواز شریف کے خصوصی طیارے امید پاکستان  کے فضاء میں بلند ھوتے وقت کارکنوں نے اپنے قائد کے حق میں نعرے بازی کی۔ جس کی ویڈیو منظرعام پر آگئی ہے۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات:

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی پاکستان آمد کے موقع پر اسلام آباد ایئرپورٹ اور سری نگر ہائی وے پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ کسی بھی گاڑی کو ایئرپورٹ بغیر کسی وجہ کے داخلے کی اجازت نہیں دی گئی میڈیا کی گاڑیوں کو بھی روک دیا گیا ۔

ہم 28 مئی والے نہیں،9 مئی والے ہیں، نواز شریف

نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بہت اچھا ہوتا آج 2017 کے مقابلے میں بہتر حالات ہوتے۔ اس وقت معاشی حالات تشویشناک ہیں لیکن ہم اس قابل ہیں کہ ملکی حالات بہتر کرسکیں۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ دکھ کی بات ہے ملک آگے جانے کی بجائے پیچھے چلا گیا، ملک میں اضطراب والے حالات انتہائی پریشان کن ہیں۔ ہم اس قابل ہیں کہ ملک کے حالات بہتر کرسکیں، پاکستان کے حالات دیکھ کر دل بہت اداس ہے، ملکی معاشی حالات تشویشناک ہیں، سرخرو ہو کر پاکستان جا رہا ہوں۔

گلوکار وارث بیگ دوران پرواز گانوں سے نواز شریف کو محظوظ کرتے رہے:

نواز شریف خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان پہنچے ، پرواز کا نام امید پاکستان رکھا گیا۔ پرواز میں لیگی کارکنوں کی بھی بڑی تعداد سوارتھی۔ جنہوں نے جہاز کے اندر نعرے بازی کی۔ 

کارکنوں کی جانب سے 'ایک واری فیر شیر' اور 'وزیراعظم نوازشریف' کے نعرے لگائے گئے۔ اس موقع پر گلوکار وارث بیگ بھی خصوصی پرواز پر موجود تھےجنہوں نے گلوکاری سے نواز شریف کو محظوظ کیا۔

https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-10-21/news-1697872615-2217.mp4

ملک اسد کھوکھر کی قیادت میں ہزاروں کارکن نواز شریف کے استقبال کیلئے پہنچے:

  پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ملک اسد کھوکھر کی قیادت میں ہزاروں کارکن نواز شریف کے استقبال کیلئےمینار پاکستان پہنچے ۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ملک اسد کھوکھر کے حلقہ پی پی 160 کی عوام قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے استقبال کیلئے جلسہ گاہ مینار پاکستان  پہنچے۔مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی وطن واپسی کے موقع پر کارکنان پر جوش تھے، پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ملک اسد علی کھوکھر نے ہزاروں کارکنان کے ساتھ اپنے قائد کا استقبال کیا اور جلسے  میں شرکت کی، اس موقع لیگی رہنما  ملک اسد علی کھوکھر نے   پی پی 160 کی عوام کے ہمراہ  جلسہ گاہ جانے کے کے لیے  بڑی ریلی کا اہتمام کیا۔ 

نواز شریف کے استقبال کیلئے ملک بھر سے قافلے لاہور پہنچنے لگے:

 سکھر والوں نے جلسے کیلئے سپیشل ٹرین چلا دی، خیبرپختونخوا سے ’’ امید پاکستان ‘‘ ٹرین کی روانگی ہوئی ہے جبکہ کلر کہار سے گاڑیوں کا قافلہ لاہور پہنچ گیا ہے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، جہلم ، صادق آباد، پشاور، جہانیاں، کوئٹہ، حیدر آباد، دادو، ڈی آئی خان، میرپور خاص، مظفر آباد، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے قافلے قائد کے استقبال کیلئے لاہورپہنچے۔لیگی کارکنوں کی جانب سے قائد کی آمد کی خوشی میں دھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی  گئی۔

راولپنڈی: لیگی کارکنوں کیلئے ناشتے کا انتظام:

راولپنڈی میں نوازشریف کے استقبال کیلئے آنیوالے   لیگی کارکنوں کیلئے ناشتے کا انتظام کیا گیا، جس میں انہیں حلوہ پوری، چنے، نان اور حلیم دیا گیا۔ناشتے کا بدوبست ن لیگ کے رہنما تنویر چوہدری کی جانب سے کیا گیا ، اس موقع پر کارکنان کی بڑی تعداد نے ناشتہ کیا۔

مریم نوازوالد کی آمد پر آبدیدہ ہوگئیں 

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نوازجلسہ گاہ میں اپنے والد کی آمد پر آبدیدہ ہوگئیں ۔ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف چار سال بعد وطن واپس پہنچے تو جلسہ گاہ  پہنچنےپر مریم نواز جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور نوازشریف کے  ہیلی کاپٹر کو دیکھ کر آبدیدہ ہوگئیں ۔