مہنگائی میں نہیں بلکہ مہنگائی کی رفتار میں کمی آئی ہے،مفتاح اسماعیل 

Oct 31, 2024 | 22:44 PM

ایک نیوز:سیکرٹری جنرل اے پی پی مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے پاکستان میں مہنگائی میں نہیں بلکہ مہنگائی کی رفتار میں کمی   آئی ہے۔ 

تفصیلات کےمطابق  ایک نیوز کےپروگرام (ایک پیج ود فروا وحید) میں دوران گفتگو   مفتاح اسماعیل نےکہا حکومت نے معیشت کی بہتری کے لئے کوئی اصلاحات نہیں کیں، آئی ایم ایف معاہدے کے بعد پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے چانس کم ہو گئے، فارن پالیسی بھی تب ہی کامیاب ہو گی جب ملکی معیشت مستحکم ہو، پاکستان کی معیشت بہتر ہو جائے تو تمام چیزیں بہتر ہو سکتی ہیں، ملکی معیشت مستحکم ہو تو دنیا بھی آپ کی بات پر توجہ دیتی ہے ، مہنگائی میں کمی کی وجہ خام تیل کی قیمت میں کمی ہونا ہے، پاکستان میں مہنگائی میں نہیں  بلکہ مہنگائی کی رفتار میں کمی آئی ہے ۔  

انہوں نے کہا  بھارت کے ساتھ تجارت کرنے سے نقصان نہیں ہو سکتا، ہماری پوزیشن کمزور ہو تو بھارت ہر موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا ہے، پاکستان کے پاس چوائس نہیں ہے کہ وہ کسی بلاک میں شامل ہو، پاکستان کو کسی صورت چین کا ساتھ نہیں چھوڑنا چاہئے،امریکا اور چین کو ساتھ ساتھ لے کر چلنا پڑے گا، پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت سے ہمیں بہت فائدہ ہو گا۔

مفتاح اسماعیل نے مزید کہا منتخب ہوکر آنے والے ہی عوام کی حقیقی خدمت کر سکتے ہیں، سپریم کورٹ کے بعض ججز نے متنازعہ فیصلے کئے ہیں،ججز نے سپریم کورٹ کی جوڈیشری آزادی کا غلط فائدہ اٹھایا، موجودہ سسٹم کیساتھ ملک ترقی نہیں کر سکتا، حکومت کے معاشی استحکام کے لئے اقدامات نا کافی ہیں، پاکستان میں اشرافیہ کی اپنی خواہشات ہی ختم نہیں ہو رہیں،کیا کسی سیاستدان نے کبھی یہ بات کی کہ غربت بڑھ رہی ہے، عوام پس رہے ہیں کوئی ان کے مسائل پر بات نہیں کر رہا،موجودہ حکومت اگر5سال پورے کر لیتی ہے تو یہ ایک عجوبہ ہوگا۔   

مزیدخبریں