ایک نیوز :ارجنٹائن کے فٹبال اسٹار لیونل میسی نے آٹھویں بار بیلن ڈی آر ایوارڈ جیت لیا۔
لیونل میسی نے پیر کو پیرس میں ایک شاندار تقریب میں اپنے فٹبال کیریئر کا آٹھواں بیلن ڈی آر حاصل کیا جبکہ خواتین کی کیٹیگری میں اسپین کی ورلڈ کپ جیتنے والی اسٹار ایتانا بونماتی کو بیلن ڈی آر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
گزشتہ سال فٹبال ورلڈ کپ قطر میں لیونل میسی کی شاندار پرفارمنس کی بدولت ارجنٹائن ورلڈ کپ جیتنے میں کامیاب ہوا تھا۔ ٹورنامنٹ کے دوران سات گول اسکور کرنے پر میسی کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔
انٹر میامی کے شریک مالک ڈیوڈ بیکہم سے ایوارڈ وصول کرنے کے بعد میسی نے اسٹیج پر کہا کہ “یہ پوری ارجنٹائن ٹیم کے لیے ایک تحفہ ہے جو ہم نے حاصل کیا۔ میسی نے اپنا ایوارڈ ارجنٹائن کے آنجہانی لیجنڈ ڈیاگو میراڈونا کے نام کیا۔
36 سالہ میسی نے 2009 میں اپنا پہلا بیلن ڈی آر جیتا تھا اور وہ ابتک 8 بار یہ ایوارڈ جیت چکے ہیں جبکہ انکے حریف کرسٹیانو رونالڈو دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ 5 بار بیلن ڈی آر ایوارڈ جیتنے والے فٹبالر ہیں۔لیونل میسی نے ارجنٹائن کیلئے فیفا ورلڈ کپ 2022 سمیت 5 ٹائٹل جیتے ہیں۔ اپنے کلب کیریئر میں میسی بارسلونا کلب کیلئے لا لیگا اور یو ای ایف اے چیمپئنز لیگ سمیت 35 ٹائٹل جیت چکے ہیں۔
خواتین کی کیٹیگری میں اسپین کی 25 سالہ مڈفیلڈر ایتانا بونماتی کو ایوارڈ دیا گیا۔ انہیں حال ہی میں UEFA ویمنز پلیئر آف دی ایئر کے طور پر بھی نامزد کیا گیا تھا۔
ایتانا بونماتی کے علاوہ ویمن ورلڈ کپ کی فاتح ہسپانوی ٹیم کی دیگر چار کھلاڑی بھی بیلن ڈی آر ایوارڈ کیلئے 30 نامزد امیدواروں میں شامل تھیں۔