ایک نیوز: وزارت داخلہ نےپاکستان میں مقیم افغانیوں کی نقل مکانی کیلئے سفری دستاویزات کی تیاری کی تجاویز مرتب کرلیں،غیرملکی سفارت خانوں کی درخواستیں افغانیوں کی تفصیلات کے ہمراہ وزارت خارجہ کے کرائسز مینجمنٹ یونٹ کو بھجوائی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ کا کرائسز مینجمنٹ یونٹ سکروٹنی کے بعد تجاویز کے ہمراہ تمام تفصیلات وزارت داخلہ کو بھجوائے گا ،وزارت داخلہ غیر ملکیوں کی سکیورٹی کلیئرنس کیلئے تمام ڈیٹا اور غیرملکی سفارت خانوں کی درخواستیں انٹیلی جینس ایجنسیز کو بھجوائے گی،وزارت خارجہ کے توسط سےغیر ملکی سفارت خانوں کو سیکٹر آئی الیون اسلام آباد نادراسنٹر سے رجسٹریشن کا عمل مکمل کروانے کی ہدایت کرےگا، ضروری اقدامات کیلئے انٹیلی جینس ایجنسیز ، ایف آئی اے اور نادرا کے ساتھ بھی تمام تر تفصیلات کا تبادلہ کیاجائے گا۔
دی گئی تجاویز میں مزیدکہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد ایف آئی اے اور نادرا درخواست گزار کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کرے گا،رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے حصول کے بعد 830 ڈالر فیس جمع کروانے کے بعد ملک چھوڑنے کے اجازت نامہ کیلئے پاکستان آن لائن ویزہ سسٹم پر اپلائی کرنا ہوگا،وزارت داخلہ انٹیلی جینس اداروں سے سکیورٹی کلیئرنس ملنے کے 24 سے 72 گھنٹوں کے دوران ایگزٹ پرمٹ جاری کرے گی ۔غیرملکی سفارتخانوں کی سفارشات کے بغیر پرمٹ کا اجراء نہیں ہوگا،ایگزٹ پرمٹ کی معیاد 30 دن ہوگی.
وزارت داخلہ کے مطابق ملک چھوڑنے کے اجازت نامہ کے اجراء کا عمل 4 ہفتوں پر محیط ہوگا،سفری دستاویز پر درخواست گزار کی تصویر لگانا لازمی ہوگا،نادرا و ایف آئی اے کے رجسٹریشن نمبر کے بغیر کوئی اجازت نامہ جاری نہیں ہوگا،غیر ملکیوں کی نقل مکانی کا آپریشن مکمل کرنے کی آخری تاریخ 31 دسمبر ہے.