القادر ٹرسٹ اور توشہ خانہ نیب کیسز میں  بشری بی بی کی  ضمانت میں 15 نومبر تک توسیع

Oct 31, 2023 | 11:16 AM

ایک نیوز: 190 ملین پاؤنڈ کرپشن اور توشہ خانہ نیب کیسز میں احتساب عدالت کے جج نے سابق خاتون اول بشری بی بی کی ضمانت میں 15 نومبر تک توسیع کردی ہے ۔

 رپورٹ کے مطابق سابق خاتون اول بشری بی بی اپنی درخواست ضمانت کے سلسلے میں  احتساب عدالت میں پیش  ہوئیں۔

احتساب عدالت کے جج  نے کیس کی سماعت کی ۔ دوران سماعت بشری بی بی کے وکیل مرزا عاصم بیگ نے موقف اختیار کیا کہ اگر عدالت یہ درخواست نمٹا دیتی ہے تو نیب پھر طلب کرلیتی ہے۔

تاہم نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی کا کہنا تھا کہ ایک ہی گراؤنڈ پر یہ تیسری بار درخواست دائر کررہے ہیں جبکہ ہمارا تفتیشی افسر بتا چکے ہیں کہ ابھی وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کئے اور نہ ہی گرفتار کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے درخواست کو ناقابل سماعت قراردیا۔

 تاہم ایڈووکیٹ مرزا عاصم بیگ کا موقف تھاکہ مریم نواز کیس میں لاہور ہائی کورٹ ہدایت دے چکی ہے کہ گرفتاری سے پہلے آگاہ کرے۔ لیکن ایک طرف نیب نواز شریف کے کیس میں بغیر نوٹس کے پیش ہوجاتا ہے دوسری طرف یہی نیب 9 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی کو اغواء کرلیتا ہے۔ یہ سیاسی نوعیت کے کیسز ہیں 

جس پر سردار مظفر عباسی پراسیکیوٹر نے واضح کیا کہ وہ اغواء نہیں گرفتاری تھی۔

نیب کے تفتیشی افسروں  کے عدالت میں تحریری بیان پر کہ بشری بی بی کی ابھی تک گرفتاری مطلوب نہیں ہے ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرلئےاور بشری بی بی کی ضمانت میں اگلی تاریخ سماعت 15 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔

مزیدخبریں