فیس بک اور انسٹا گرام کا اشتہارات سے پاک سبسکرپشن پروگرام متعارف

Oct 31, 2023 | 00:32 AM

ایک نیوز: پہلی بار میٹا کی جانب سے یورپ میں فیس بک اور انسٹا گرام کا استعمال ماہانہ فیس سے مشروط کیا جا رہا ہے۔
دنیا بھر میں اربوں افراد ہر ماہ کم از کم ایک بار فیس بک اور انسٹا گرام ضرور استعمال کرتے ہیں اور آغاز سے یہ سروسز صارفین کو مفت دستیاب ہیں۔
مگر اب پہلی بار میٹا کی جانب سے یورپ میں ان صارفین کے لیے فیس بک اور انسٹا گرام کا استعمال ماہانہ فیس سے مشروط کیا جا رہا ہے، جو اپنے اکاؤنٹس پر اشتہارات نہیں دیکھنا چاہتے۔
واضح رہے کہ میٹا کی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ اس کی ایپس میں دکھائے جانے والے اشتہارات ہیں۔
مگر یورپی یونین کے نئے قوانین ٹیکنالوجی کمپنیوں کو صارفین کی مرضی کے بغیر اشتہارات دکھانے سے روکتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ میٹا کی جانب سے ان قوانین پر عمل کرنے کے لیے سبسکرپشن پلان متعارف کرایا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اب جو صارفین اپنے فیس بک یا انسٹا گرام اکاؤنٹ پر اشتہارات نہیں دیکھنا چاہتے، انہیں ویب ورژن پر 10 یورو جبکہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز پر 13 یورو ماہانہ ادا کرنا ہوں گے۔
جو صارف مفت فیس بک یا انسٹا گرام استعمال کرنا چاہتے ہیں، انہیں اشتہارات پر مبنی مفت پروگرام میں شمولیت کی ہدایت کی جائے گی۔
خیال رہے کہ یورپی یونین نے میٹا کو انتباہ کیا تھا کہ اس کی ایپس میں صارف کی مرضی کے بغیر اشتہارات دکھائے گئے تو اس کے خلاف اقدامات کیے جائیں گے۔
جولائی میں جرمنی میں میٹا کے خلاف فیصلہ سنایا گیا تھا اور یورپی یونین کی عدالت نے بھی اپنے فیصلے میں جرمن مسابقتی کمیشن کو میٹا کے خلاف تحقیقات کی ہدایت کی تھی۔

مزیدخبریں