ایک نیوز:خواب تو ہر فرد ہی دیکھتا ہے مگر نیند کے دوران لوگوں کو سب سے زیادہ کیا نظر آتا ہے؟یقیناً اس سوال کا جواب آسان نہیں ۔
سلیپ ویب سائٹ نے گوگل سرچ ڈیٹا کا تجزیہ کرکے یہ جاننے کی کوشش کی کہ ہر ملک میں سب سے زیادہ کس طرح کے خوابوں کے بارے میں سرچ کیا جاتا ہے۔ڈیٹا کے تجزیے سے دنیا بھر میں لوگوں کی جانب سے دیکھے جانے والے خوابوں کے بارے میں کافی دلچسپ تفصیلات سامنے آئیں۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ دنیا بھر میں لوگ خواب میں سانپوں کو سب سے زیادہ دیکھتے اور اس بارے میں سرچ کرتے ہیں۔مثال کے طور پر برازیل میں ہر ماہ 3 لاکھ 52 ہزار جبکہ ترکیہ میں 2 لاکھ 14 ہزار بار اس بارے میں سرچ کیا جاتا ہے۔جن خطوں میں زہریلے سانپوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے، وہاں بھی لوگ خواب میں سانپ زیادہ دیکھتے ہیں۔
جہاں تک پاکستان کی بات ہے تو یہاں کے لوگ اپنے خوابوں میں انتقال کر جانے والے رشتے داروں کو زیادہ دیکھتے ہیں یا کم از کم اس بارے میں سب سے زیادہ گوگل پر سرچ کرتے ہیں۔بھارت میں لوگ اپنے خوابوں میں سانپوں کو زیادہ دیکھتے ہیں۔
اسی طرح امریکا، برطانیہ اور مغربی یورپ میں لوگ خواب میں سب سے زیادہ اپنے دانتوں کو ٹوٹتے ہوئے دیکھتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دانتوں کو ٹوٹتے ہوئے دیکھنا کسی فرد میں خود اعتمادی کی کمی یا اپنی ناکامی پر شرمندگی کا اظہار کرتا ہے۔اسی طرح سانپوں کو خواب میں دیکھنا چھپے ہوئے خوف اور تشویش کی عکاسی کرتا ہے۔