ایک نیوز نیوز: ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ اے کے میچ میں آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو 42 رنز سے شکست دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئرس کپتان اینڈی بالبرنی نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، میزبان آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز سکور کیے۔
کینگرو کپتان ایرون فنچ نے 63 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، مارکس اسٹوئنس 35 اور مچل مارش 28 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔
آئرلینڈ کی جانب سے بیری میکارتھی نے 3 اور جوش لٹل نے 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔
جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم مقررہ ہدف 180 کے تعاقب میں 137 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، لورکن ٹوکر 71 کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز، گلین میکسویل، مچل اسٹارک اور ایڈم زمپا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ادھر قومی کرکٹ ٹیم پرتھ سے سڈنی پہنچ گئی، گرین شرٹس تین نومبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف اہم میچ کھیلے گی۔ شاہینوں کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات پھر بھی انتہائی کم ہیں، دارومدار اگر مگر کی صورتحال پر ہے۔