فوج کی بیساکھیوں سے اقتدار میں آنے والے بعد میں انہیں گالیاں دیتے ہیں: سراج الحق

Oct 31, 2022 | 11:00 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز نیوز: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کی نااہل قیادت نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔  یہ فوج کی بیساکھیوں کی وجہ سے  اقتدار میں آتے ہیں اور  جب مطلب پورا ہوجاتا ہے  تو اسے گالیاں دیتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مینار پاکستان گراؤنڈ میں پاکستان زندہ باد یوتھ لیڈرشپ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پنجاب کو مسلم لیگ ن اور خیبر پختونخواہ  کو پی ٹی آئی نے تباہ کیا ہے۔ اگر اسٹیبلشمنٹ ان جماعتوں کا ساتھ نہیں دے تو یہ ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتے ہیں ۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہاں امیروں کیلئے رات 12 بجے بھی عدالت کھلتی ہے جبکہ غریب کو دن 12بجے بھی انصاف نہیں ملتا ہے۔

 عمران خان  کا رونا جائز ہے اسے اسٹیبلشمنٹ نے ڈی چوک سے اٹھا کر وزیراعظم بنایا تھا۔  عمران خان  کے بنائے لنگر خانے آج ویران ہیں۔ ہم قرآن کے نظام اور نظام مصطفیٰ جیسی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی کے پاس شفاف قیادت موجود ہے۔ سیلاب زدگان کی مدد میں ہم نے کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ اگر عوام نے ہمیں منتخب کیا تو نہ صرف  کشمیر پالیسی سے یو ٹرن لیں گے اور نہ ہی عافیہ صدیقی کی رہائی سے پیچھے ہٹیں گے۔

مزیدخبریں