ایک نیوز :شمالی وزیرستان میں پولیو مہم کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں دہشت گردوں نے پولیو ٹیم کے ارکان پر فائرنگ کر کے جاری پولیو مہم میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔ پولیو ٹیم کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے تعینات سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا مؤثر طریقے سے جائزہ لیا اور ٹیم کے تمام ارکان کی حفاظت کو یقینی بنایا اور انہیں بغیر کسی نقصان کے باہر نکال دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ ہوا جس کے باعث ضلع مردان کے 25 سالہ سپاہی ثاقب الرحمان نے شہادت کو گلے لگاتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
بیان کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں پولیو ٹیم پر حملے کی شدید مذمت پولیو ٹیم کو بحفاظت نکال لینے پر سکیورٹی جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔سکیورٹی فورسز کی بہادری قابل داد ہے۔سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ شہید ہونے والے جوان ثاقب الرحمن نے شجاعت کی نئی داستان رقم کی۔قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔