سٹاک مارکیٹ میں  مندی،اربوں روپے ڈوب گئے

سٹاک مارکیٹ میں  مندی،اربوں روپے ڈوب گئے
کیپشن: Stock market crash, billions of rupees sunk

ایک نیوز :ملک میں جاری غیریقینی صورتحال کے باعث سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی سے سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔

حصص مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور صبح دس بجے کے قریب 100 انڈیکس 84 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی اور اس کا تسلسل دوپہر بارہ بجے تک دیکھنے کو ملا۔ بارہ بجے کے قریب غیر یقینی سیاسی، معاشی صورتحال کے اثرات حصص مارکیٹ پر پڑے، جس کے باعث انڈیکس میں مندی نے ڈیرے ڈال لیے اور یہ کاروبار کے اختتام تک جاری رہے۔سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 341.09 پوائنٹس کی مندی پر ہوا اور 100 انڈیکس 41330.56 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.82 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 9 کروڑ 8 لاکھ 279 شیئرز کا لین دین ہوا۔

رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو 40 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔