ایک نیوز: سپیکر پنجاب اسمبلی سردار محمد سبطین خان کا کہنا ہے کہ 9مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتا ہوں،واقعہ پر دل بہت ہی رنجیدہ ہے ۔
رپورٹ کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی سردار محمد سبطین خان نےاپنے چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان ہے،9مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ سیاسی مسائل کے حل کے لئے گرینڈ ڈائیلاگ اشد ضروری ہیں۔ پاکستان کا پرچم سر بلند ہے تو ہماری بھی عزت ہے اور اداروں کی بھی، 9مئی کے واقعہ پر دل بہت ہی رنجیدہ ہے۔
سبطین خان نے کہا کہ جو کچھ بھی ہوا، وہ فرد واحد کے خلاف نہیں تھا بلکہ اس سے ملک کی بے توقیری ہوئی ہے۔ فوج ہو یا کوئی اور ادارہ یہ سب ہمارے اپنے ہیں۔ میرا اپنا خاندان سپاہی سے لےکر لیفٹیننٹ جنرل تک فوج کا حصہ ہیں،ہمارے خاندان کے پاک فوج میں دو شہید ہیں۔ناخوشگوار واقعہ ہوا اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔،نومئی کے واقعات نہیں ہونے چاہیئے تھے۔
سبطین خان نے کہا کہ یہ بھی کہنا چاہوں گا کہ بے گناہ لوگوں کے ساتھ بھی زیادتی نہیں ہونی چاہیے۔ فوج اور دیگر ادارے ہمارے اپنے ہیں، ہمیں اداروں کے ساتھ مل کر چلنا چاہئے۔ پی ڈی ایم سمیت سب کو مل کر بیٹھنا چاہیے ، آصف علی زرداری نے ڈائیلاگ کی بات کرکے اچھا قدم اٹھایا ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف کو انتہا پر نہیں جانا چاہیے‘ انہیں مصالحت کی بات کرنا چاہیے۔ گرینڈ ڈائیلاگ ہونا چاہے یہ ملک اور جمہوریت کے لئے بہتر ہے ، ہمیں اپنے اداروں کی عزت کرنا چاہیے۔