ایک نیوز: پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے ملکی سیاسی صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ لوگ جذبات، نادانی اور ذاتی دشمنی میں ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین سے مختلف وفود نے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر اپنے بیان میں چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کچھ لوگوں کی ضد اور اناء ملک سے بڑی ہوگئی ہے۔ جذبات، نادانی اور ذاتی دشمنی میں ملک دشمنی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج محفوظ اور مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔ پاکستان اور پاک فوج امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے۔ فوج پر تنقید کرنے والے شام، عراق اور افغانستان کی حالت دیکھ لیں۔ پاکستان، پاک فوج کو نقصان پہنچانا اسلام اور پوری امت کو کمزور کرنا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ق کا تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل اےپی سی بلانے کا اعلان:
پاکستان مسلم لیگ ق نے تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان ق لیگ کے مطابق اے پی سی میں تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی جائےگی۔
ترجمان کے مطابق پی ٹی آئی کو بھی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اے پی سی کا مقصد سیاسی جماعتوں کوایک میز پر اکٹھا کرکے بات چیت سے مسائل کا حل تلاش کرناہے۔ آج تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرکے تاریخ طے کی جائے گی۔