تھری ایم پی او کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار ، پی ٹی آئی کارکنان رہا

May 31, 2023 | 13:31 PM

Hasan Moavia

 ایک نیوز: تحریک انصاف کو پشاور ہائیکورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا ہے،  479 کارکنان کو رہا کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے 9 مئی کے واقعات کے بعد پکڑے گئے کارکنان کی گرفتاریاں کالعدم قرار دے دی ہیں، پشاور ہائیکورٹ میں تھری ایم پی او کے تحت گرفتاریوں کے خلاف درخواست دائر کی گئی۔ جس کے بعد عدالت نے دونوں جانب سے وکلا کے دلائل سننے کے بعد تھری ایم پی او کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے 479 کارکنان کو رہا کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ 

خیبرپختونخوا پولیس کا کہنا ہے کہ جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں مجموعی طور پر 2528 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جن میں سے 479 ایسے افراد تھے جن کو تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لے کر جیلوں میں ڈالا گیا تھا لیکن پشاور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد ان کی رہائی عمل میں لائی جائے گی۔ 

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے مزید سینکڑوں کارکنان جن کو دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت حراست میں لیا گیا تھا وہ تاحال جیلوں میں قید ہیں۔

مزیدخبریں