ایک نیوز: سینئر ترین پی پی رہنما شرجیل میمن نے واضح کیا ہے کہ ثاقب نثار اور ان کے بیٹے کے خلاف آڈیولیکس کے معاملے پر تحقیقات ہر صورت ہوں گی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ثاقب نثار ایسی کونسی محبت تھی کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ تم بیچ رہے ہو؟ تمہارے لیے ڈوب مرنے شرم کا مقام ہے۔
وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی زمینوں سے قبضے خالی کرانے کے لیے اقدامات کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ مافیاز نے غیر قانونی بس اڈے بنائے ہوئے ہیں۔ غیر قانونی بس اڈوں کو ختم کرنے مافیاز کےکارندوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے رہنما نے محکمہ ٹرانسپورٹ کی زمینوں پر قبضہ کیاہواہے۔ موٹروے پولیس کی طرز پر محکمہ ٹرانسپورٹ فورس بنائی جائے گی۔ کراچی میں پیپلزبس سروس، کےالیکٹرک، پنک بس چل رہی ہے۔ 500 مزید بسوں کی خریداری کا منصوبہ ارسال کیاہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں خطیر رقم مختص ہوگی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ریڈ بی آر ٹی اور یلو لائن بی آرٹی پر کام جاری ہے۔ سندھ کے مزید اضلاع کو پبلک ٹرانسپورٹ بسوں میں شامل کیا جائےگا۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ پارلیمنٹ کی دھجیاں اڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سپریم ادارہ صرف پارلیمنٹ ہے۔ لیکن اس کی توہین کی جارہی ہے۔ کسی صورت پارلیمنٹ کی توہین برداشت نہیں ہوگی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار اور اس کے بیٹے کی گفتگو سامنے آچکی ہے۔ یہ کسی کی ذاتی گفتگو نہیں کسی پارٹی کے ٹکٹ بیچنے کی بات ہورہی ہے۔ ثاقب نثار نےبطور چیف جسٹس بھی متنازعہ فیصلے دیے۔ جس سے عمران خان کو فائدہ ہوا۔ ثاقب نثار نے بے ایمان کو صادق کا سرٹیفکیٹ دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو کی تحقیقات ہر صورت ہوں گی۔ اسے کوئی روک نہیں سکتا۔ پی ٹی آئی کے ٹکٹ کروڑوں روپے میں ثاقب نثار بیچ رہاہے تو تحقیقات ہونی چاہئیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ ایسی کیا محبت تھی کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ تم بیچ رہے ہو؟ ڈوب مرنے شرم کا مقام ہے کہ سیاسی جماعت کی ٹکٹ بیچ رہے ہو۔ اپنے دامادوں کی فارما کمپنیوں کو فائدہ پہنچایا۔ ثاقب نثار نے اختیارات سے تجاوز کرکے غیر آئینی طور پر فیصلے کیے۔ ثاقب نثار اور اس کا بیٹا کون سے آسمان سے اترے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان ملک کے خلاف آج بھی جھوٹا بیانیہ بیچ رہاہے۔ منی لانڈرنگ میں عمران خان ملوث ہے یا نہیں ہے؟ الیکشن کمیشن کے فیصلے میں واضح ہے کہ بھارت سے پیسے لیے اور انہیں سیاست میں استعمال کیا۔ کیا پاکستانی سیاست میں بھارتی پیسہ آنا جائز ہے؟
شرجیل میمن نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت جلاؤ گھیراؤ کیا گیا۔ جھوٹا شخص اب کہتاہے کہ مجھے پتہ نہیں ہے۔ ان کی ویڈیوز آڈیوز موجود ہیں۔ پی ٹی آئی کے معصوم ورکرز کو اس نے استعمال کیا وہ جیلوں میں پڑےہیں۔ غیر آئینی طور پر اقتدار کے لئے عمران نے ورکرز کو استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ اب یہ اپنے لوگوں کو پہنچاننے سے انکار کررہاہے۔ عمران خان اور اس کی بیوی کتنے لوگوں سے ملنے یا کھانا پہنچانے جیل گئے۔ عمران خان کے لوگ بیرون ملک بیٹھ کر ملک کے خلاف سازش کررہے ہیں۔ عالمی برادری بتائے کہ جرائم پر کیاسزا ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور بی آر ٹی میں اربوں روپے کی کرپشن اور اسٹے آرڈر دیا گیا۔ قاسم سوری کو الیکشن کمیشن نے نااہل کیا، بندیال صاحب نے اسٹے آرڈر دیا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے میں لکھا ہے کہ غیر آئینی کام کیا۔ غیرآئینی کام پر عارف علوی، قاسم سوری عمران خان کو کیا سزا دی؟
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری سے سوال ہے کہ غیر آئینی کام پر کیا سزا نہ ہو؟ قومی اداروں،شہدا یادگاروں پر حملہ کرنا دنیا کے کسی قانون میں جرم ہے یا نہیں؟