ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے ترکیہ کے قونصل جنرل امیر اوزبے (Mr. Emir Ozay) نے ملاقات کی ہے۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک ترکیہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے ترکیہ کے انتخابات میں رجب طیب اردوان اور ان کی جماعت کی کامیابی پر ترکیہ کے قونصل جنرل کو مبارکباد دی۔ محسن نقوی نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اورعوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اپنے بیان میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ترکیہ کے عوام نے اپنے ہردلعزیز رہنما رجب طیب اردوان کو ایک بار پھر ووٹ دے کر صدر منتخب کیا۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی فتح حقیقت میں عوامی خدمت کی فتح ہے۔ پاکستان اور ترکی کے تعلقات تاریخی برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ ترکیہ کی کمپنیوں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی جس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ترکیہ کی کمپنیوں کو پنجاب میں ہر طرح کی سہولتیں فراہم کریں گے۔
اس موقع پر قونصل جنرل ترکیہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ پنجاب کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لئے اقدامات کریں گے۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، سیکرٹری عملدرآمد وزیراعلیٰ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن،ڈپٹی کمشنر لاہور، چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔