تربوزکی میٹھاس کاپتہ لگانےکے3طریقے

May 31, 2023 | 05:17 AM

ایک نیوز:تربوز ایک لذیذ اور تازگی بخش پھل ہے جو گرمیوں کے مہینوں میں زیادہ مقبول ہوتا ہے۔ یہ بھرپور رس اور پانی کی مقدار کیلئے جانا جاتا ہے۔ لیکن اگر تربوز میٹھا نہ نکلے تو سارا مزہ کرکرا ہوجاتا ہے۔
تفصیلات کےمطابق عام طور پر جب آپ تربوز خریدنے جاتے ہیں تو دکاندار پھل کی مٹھاس کا یقین دلانے کیلئے تربوز کاٹ کر اس کا گہرا لال رنگ دکھاتا ہے۔ لیکن یہ طریقہ ہمیشہ درست نہیں ہوتا۔ بعض اوقات تربوز ایک طرف سے پکا ہوا ہوتا ہے اور دوسری طرف سے تھوڑا کچا رہ جاتا ہے۔ دکاندار جو آپ کو لال حصہ دکھاتا ہے دراصل وہ اس حصے سے کاٹتا ہے جو پکا ہوا ہوتا ہے۔
تربوز میٹھا ہے یہ پتہ لگانے کیلئے اصل3 طریقے ہیں جس کے بعد کسی شک کی گنجائش نہیں رہتی اور آپ100 فیصد اطمینان کے ساتھ میٹھے تربوز خرید سکتے ہیں۔
1) پہلا طریقہ تربوز کے حجم اور وزن سے تعلق رکھتا ہے۔ جب آپ تربوز اٹھائیں اور حجم کے حساب سے وہ وزنی بھی ہو، تو اس کا مطلب ہے کہ وہ رس سے بھرپور ہے یعنی پک چکا ہے۔
2) دوسرا یہ ہے کہ جب آپ اُس پر اپنی مٹھی کو ماریں تو گہری آواز پیدا ہونی چاہیے۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ تربوز میٹھا ہے۔ اگر ایسی آواز پیدا نہ ہو یعنی اوپری سطح کی آواز پیدا ہو تو بہتر یہی ہے کہ وہ تربوز نہ لیں۔
3) تیسرے طریقے کے بارے میں اگر کہا جائے کہ یہ طریقہ مذکورہ بالا دونوں طریقوں سے زیادہ اہم ہے تو غلط نہ ہوگا۔ تربوز لیتے وقت اُس پر نارنجی یا گہرے پیلے رنگ کے بڑے دھبے کو دیکھیں۔ اگر تربوز پر ایسا بڑا دھبہ موجود ہو تو اس کے دو مطلب ہیں؛ پہلا یہ کہ اُس کی سورج سے زیادہ عرصے تک نمائش رہی ہے۔ دوسرا یہ کہ تربوز کے گودے میں موجود مٹھاس زیادتی کی وجہ سے باہر نکلنا شروع ہوگئی ہے۔ اس کے برعکس اگر تربوز پر ہلکا پیلا یا سفید دھبہ ہو تو اس کا مطلب تربوز زیادہ میٹھا نہیں ہے۔

مزیدخبریں