تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بیوہ خاتون عائشہ نے آپ کا وزیر اعظم، آپ کے ساتھ پروگرام میں کال کی تھی اور گھر پر قبضے کی شکایت کی تھی۔ لاہور پولیس نے ڈیفنس میں بیوہ خاتون کے گھر پہلے ہی واگزار کروا دیا تھا تاہم کرایہ دار عمران اصغر بقیہ واجبات نہیں کررہا تھا۔
سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے عائشہ بی بی کے بقایا جات چار لاکھ 72 ہزار روپے بھی واپس دلوا دیے۔ عائشہ بی بی نے کہا کہ بقایا جات دلوانے پر وزیراعظم عمران خان، آئی جی پنجاب اور لاہور پولیس کی مشکور ہوں۔
اس سے قبل پنجاب پولیس کی جانب سے خاتون عائشہ کی شکایت پر ہونیوالی کارروائی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ خاتون نے ایس ایس پی ذیشان اصغر کے بھائی عمران اصغر کے بارے میں شکایت کی وزیراعظم کو شکایت کے بعد عمران اصغر سے گھر خالی کرالیا گیا تھا اب خاتون نے عمران اصغر سے کرائے اور گھر کی مرمت کی مد میں 5 لاکھ کا مطالبہ کیا ہے۔
خاتون نے مقامی پولیس کو درخواست دی ہے تاہم عمران اصغرنے عدالت سے حکم امتناعی حاصل کرلیا ہے۔تاہم آئی جی پنجاب ذاتی طور پر اس معاملہ کو حل کرنے کے لیے متحرک ہیں۔ ٹوئٹ میں یہ بھی بتایا گیا تھاکہ ایس ایس پی ذیشان اصغر اس وقت کے پی کے سینٹرل پولیس آفس میں تعینات ہیں۔