حقوق کیلئے عوامی اسمبلیوں میں آواز اٹھائیں گے،فضل الرحمان

Mar 31, 2024 | 22:53 PM

ایک نیوز:جے یو آئی کے امیرمولانافضل الرحمان کاکہنا ہے کہ فیصلے ایوانوں میں نہیں ہونے دیئے جا رہے تو عوامی حقوق کیلئے عوامی اسمبلیوں میں آواز اٹھائیں گے۔

جے یو آئی خیبر پختونخوا کے  امیر مولانا عطاء الرحمان کی جانب سے ممبران صوبائی اسمبلی کے اعزاز میں دعوت افطار ،سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے دعوت افطار سے بزریعہ ویڈیو لنک خطاب  کیا۔

مولانا فضل الرحمان  نے معزز اراکین صوبائی اسمبلی کو مبارک باد دی اور کہا کہ جمعیۃ علماء اسلام پاکستانی سیاست کی اہم ترین پارٹی ہے۔جےیوآئی کا مملکت پاکستان میں بڑا سیاسی کردار ہے۔جےیوآئی کے منشور کے دفعات قرآن وسنت سے لیے گئے ہیں۔ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ ہم جماعت کے وقار اور احترام کو ملحوظ خاطر رکھیں۔جےیوآئی کے ممبران نے ہمیشہ جماعتی پالیسیوں کو مقدم رکھا ہے۔ہم آپ سے بھی امید کرتے ہیں کہ آپ جماعتی پالیسیوں کو مقدم جانیں گے۔کیونکہ اسلامی تعلیمات کے مطابق بھی اصل زندگی جماعتی زندگی ہے۔

جے یو آئی کے سربراہ کاکہنا تھاکہ دو اپریل کو خیبرپختونخوا میں سینٹ کے انتخابات میں جماعتی پالیسی کے مطابق ووٹ ڈالیں۔جےیوآئی کے سیاسی کردار کا کوئی انکار نہیں کرسکتا۔جےیوآئی نہ صرف قومی مسائل بلکہ مسلم امہ کے بین الاقوامی مسائل پر بھی آواز اٹھاتی ہے۔حالیہ دنوں غزہ میں جاری ظلم پر بھی جمعیۃ علماء اسلام نے تمام مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر آواز بلند کی ہے۔جےیوآئی نے غزہ کے مظلوموں کی اشک شوئی کی ہے، ان کے لیے مالی تعاون میں بھرپور حصہ لیا ہے۔ اس پر عالمی قوتیں ہمارے خلاف متحرک ضرور ہوئیں اور حالیہ انتخابات میں ہمارا راستہ روکا گیا ہے۔ 

مولانافضل الرحمان کاکہنا تھاکہلیکن ہم نے پوری جرأت کے ساتھ تحریک کا اعلان کیا ہے، اور بڑے جوش وجذبے کے ساتھ ہم میدان میں اتریں گے۔اگر فیصلے ایوانوں میں نہیں ہونے دیے جا رہے تو اب ہم عوامی اسمبلیوں میں آواز اٹھائیں گے اور مقدمہ عوام کے سامنے رکھیں گے۔ہم بلند حوصلوں کے ساتھ عوامی تحریک بھی چلائیں گے اور ہمارے اراکین اسمبلی بھی ہمارے ساتھ کردار ادا کریں گے۔افطار کے وقت آپ عالم اسلام اور دنیا میں مظلوم مسلمانوں کے لیے دعا کریں کہ اللہ ہمارا حامی وناصر ہو۔اللہ تعالی ہماری محنتوں کو قبول فرمائے اور صیہونی قوتوں کے ظلم سے ہمیں نجات عطا فرمائے۔

مزیدخبریں