ایک نیوز: اٹلی چیٹنگ کے جدید ترین پلیٹ فارم چیٹ جی پی ٹی کو بلاک کرنے والا پہلا مغربی ملک بن گیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق اطالوی ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی نے امریکا کے بنائے گئے اوپن اے آئی (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) اور مائیکروسافٹ کی حمایت پر مبنی چیٹ جی پی ٹی کے ماڈل سے متعلق پرائیویسی خدشات کا اظہار کیا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا تھا کہ چیٹ جی پی ٹی پر پرائیویسی خدشات کے تحت پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ اوپن اے آئی کی فوری طور پر تحقیقات کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ نومبر 2022 میں لانچ ہونے کے بعد سے لاکھوں لوگوں نے چیٹ جی پی ٹی استعمال کیا ہے۔ یہ پلیٹ فارم قدرتی، انسان جیسی زبان کا استعمال کرتے ہوئے سوالات کا جواب دے سکتا ہے اور یہ انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہوئے دیگر تحریری طرزوں کی نقل بھی کر سکتا ہے۔
مائیکروسافٹ نے اس پر اربوں ڈالر خرچ کیے ہیں اور اسے گزشتہ ماہ بنگ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ مائیکروسافٹ نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے آفس ایپس جیسے مائیکروسافٹ ورڈ، ایکسل، پاورپوائنٹ اور آؤٹ لک میں اس ٹیکنالوجی کا ایک ورژن شامل کرے گا۔
تاہم دوسری جانب عوامی حلقوں میں مصنوعی ذہانت (AI) سے متعلق دیگر نوعیت کے خدشات بھی پائے جاتے ہیں جیسے کہ ملازمتوں کے لیے خطرہ اور غلط معلومات اور تعصب پھیلانا۔