کارتک آریان اور کیارا اڈوانی کی آنے والی فلم کا سین لیک ہوگیا

Mar 31, 2023 | 22:20 PM

 ایک نیوز:بالی ووڈ کے معروف اداکار کارتک آریان اور اداکارہ کیارا اڈوانی کی آنے والی فلم کا سین لیک ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کارتک آریان اور کیارا اڈوانی ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’ستیا پریم کی کتھا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں تاہم فلم کے سیٹ سے ایک مختصر سین لیک ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک پیج نے مختصر کلپ شیئر کیا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کارتک آریان اور کیارا اڈوانی شادی کے جوڑے میں ملبوس ہندو مذہبی روایت کے مطابق پھیرے لے رہے ہیں۔

 سمیر ودھوان کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم 9 جون 2023ء کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ تاہم مختصر سین کے لیک ہونے سے مداحوں کے جوش میں مزید اضافہ ہوگیا۔

خیال رہے کہ فلم ’بھول بھلیاں 2‘ کے بعد ایک بار پھر اس فلم میں کارتک آریان اور کیارا اڈوانی ایک ساتھ اسکرین پر مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔

مزیدخبریں