ایک نیوز:نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں بی بی پاکدامن کے مزار کے توسیعی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کے توسیعی پراجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ توسیعی پراجیکٹ کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جائے۔ توسیعی پراجیکٹ کی تکمیل سے مزار بی بی پاکدامن پر آنے والے زائرین کیلئےسہولتوں میں اضافہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے قصور میں بابا بلھے شاہؒ،فیصل آباد میں نصرت فتح علی خان کے مزارات کیلئے جدید ترین ڈیزائن تیار کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مزار بی بی پاکدامن کے توسیعی پراجیکٹ کا گرے سٹرکچر مکمل ہوچکا ہے۔
صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر، صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات بلال افضل، چیف سیکرٹری، سیکرٹری اوقاف، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، پراجیکٹ کنسلٹنٹ نیئر علی دادا، آرکیٹیکٹ حیدر ابراہیم اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔