ایک نیوز: سابق وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے سوشل میڈیا اظہر مشوانی 8 روز تک لاپتہ رہنے کے بعد آخر کار منظر عام پر آگئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں اظہر مشوانی نے لکھا کہ الحمدللہ میں ابھی بخیر و عافیت گھر واپس پہنچ چکا ہوں۔ ان 8 دنوں میں آپ کی دعاؤں، کاوشوں اور سپورٹ نے تاعمر کے لیے ہمیں مقروض کر دیا ہے ، جزاک اللہ ، دعا ہے کہ ہمارے دیگر اسیر کارکنان بھی جلد اپنی فیملیز کے ساتھ افطاری کریں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے فوکل پرسن برائے ڈیجیتل میڈیا اظہر مشوانی جبری گمشدگی کے 8روز بعد گھر پہنچے ہیں۔ اس تمام عرصے میں ان کے حوالے سے کوئی معلومات سامنے نہ آسکی جبکہ تحریک انصاف نے آج تین بجے سہ پہر اظہر مشوانی کی بازیابی کے لیے ملک گیر احتجاج کا اعلان کر رکھا تھا۔ جبکہ لاہور ہائی کورٹ میں اظہر مشوانی کے بھائی مظہر الحسن نے اپنے بھائی کی بازیابی کے لئے درخواست دائر کررکھی تھی ۔ جس میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیاکہ 23 مارچ کو اظہر مشوانی کو گھر کے باہر سے اغوا کیاگیا، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پولیس کو اظہر مشوانی کو بازیاب کروا کر پیش کرنے کا حکم دے ۔ جس پر لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو حکم دیا کہ وہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا رضاکار اظہر مشوانی کو بازیاب کر کے 3 اپریل کو عدالت میں پیش کرے۔