فوج کو کمرشل زرعی مقاصد کیلئے زمین دینےکا نوٹیفکیشن معطل

فوج کو کمرشل زرعی مقاصد کیلئے زمین دینےکا نوٹیفکیشن معطل
کیپشن: فوج کو کمرشل زرعی مقاصد کیلئے زمین دینےکا نوٹیفکیشن معطل

ایک نیوز:فوج کو کمرشل زرعی مقاصد کیلئے زمین دینےکا معاملہ،  لاہورہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کے نوٹیفکیشن کو عارضی طور پر معطل کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب کےمختلف اضلاع میں نگران پنجاب حکومت کی جانب سے آرمی کو زرعی اراضی الاٹ کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت جسٹس عابد حسین چٹھہ نے کی۔

عدالت نے زرعی اراضی کی لیز میں توسیع کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد روکتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیے،عدالت نے فریقین سے 9 مئی تک جواب طلب کرلیا۔

جسٹس عابد حسین چٹھہ نے مفاد عامہ کے تحت دائر درخواست پر تحریری حکم جاری کردیا،

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ نگران حکومت پنجاب نے اختیارات سےتجاوز کیا ہے۔نگران حکومت زرعی اراضی کی لیز میں توسیع کا اختیار نہیں رکھتی،نگران حکومت کا کام الیکشن کروانا ہے ناکہ منتخب صوبائی حکومت کے اختیارات کو استعمال کرنا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت نگران حکومت کیجانب سے جاری نوٹیفکیشن کو کلعدم قرار دے،عدالت درخواست کے حتمی فیصلے تک نوٹیفکیشن کے عملدرآمد کو روکنے کا حکم دے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے انہوں نے 2روز قبل 29 مارچ کو زبانی حکم سے اس نوٹیفیکشن کو معطل کیا تھا۔

خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے کے مختلف اضلاع میں ہزاروں ایکڑ اراضی فوج کو کاروباری زرعی مقاصد کے لیے دی تھی۔