صدر نے جسٹس قاضی فائز عیسٰی کیخلاف کیوریٹیو ریویو پٹیشن واپسی کی منظوری دیدی

qazi reference returned and approved by president
کیپشن: qazi reference returned and approved by president
سورس: google

ایک نیوز : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قاضی فائز عیسٰی سول ریویو پیٹیشن میں سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف کیوریٹیو ریویو پیٹیشن اور سی ایم اے واپس لینے کی منظوری دے دی۔

  رپورٹ کے مطابق  صدر مملکت نے منظوری آئین کے آرٹیکل 48 ایک کے تحت وزیر اعظم کی ایڈوائس پر دی۔صدر مملکت نے ایڈوکیٹ سپریم کورٹ انیس احمد شہزاد کے حق میں سند اختیار پر بھی دستخط کر دیے۔ دریں اثنا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وکلاء بہبود و تحفظ بل 2023 کی توثیق کر دی صدر مملکت نے بل کی توثیق آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت کی۔

یادرہے  گذشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کا حکم دیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے حکمنامے میں کہنا ہے کہ  کمزور اور بے بنیاد وجوہات پر کیوریٹیو ریویو ریفرنس دائر ہوا تھا، حکومت نے اس  ریفرنس کی پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

 وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ پہلے ہی اس فیصلے کی منظوری دے چکی ہے ۔

 وزیراعظم کا کہنا ہے کہ   ریفرنس کے نام پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ان کے اہل خانہ کو ہراساں اور بدنام کیا گیا۔  یہ ریفرنس نہیں تھا، آئین اور قانون کی راہ پر چلنے والے ایک منصف مزاج جج کے خلاف ایک منتقم مزاج شخص عمران نیازی کی انتقامی کارروائی تھی۔  یہ عدلیہ کی آزادی پر شب خون اور اسے تقسیم کرنے کی مذموم سازش تھی۔  مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں نے اپوزیشن کے دور میں بھی اس جھوٹے ریفرنس کی مذمت کی تھی۔