ایک نیوز: بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے شہراندور میں ہندوؤں کے مذہبی تہوار رام نومی کے موقع پر ایک مندر میں کنویں کی چھت گر جانے سے ایک بڑا حادثہ ہوا جس میں کم از کم 35 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 14 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے جبکہ ایک شخص لاپتا ہے جس کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
گزشتہ روز رام نوامی تہوار کے موقع پر مندر میں ہندو یاتریوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور جب مندر کا فرش ٹوٹا تو وہاں موجود ہندو یاتری نیچے کنویں تک پہنچنے والے زینے پر گر گئے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور مدھیا پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ نے گزشتہ روز ہی امدادی کارروائی کی ہدایت کردی تھی۔
واضح رہے کہ شری بالیشور مہادیو جھولے لال مندر میں ایک کنویں پر چھت بنی ہوئی تھی جو عقیدت مندوں کے بوجھ سے دب کر ٹوٹ گئی۔ جس کے نتیجے میں 50سے زائد لوگ 40 فٹ گہرے کنویں میں گر گئے، جس میں چار پانچ فٹ تک پانی موجود تھا۔
ریاست کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثے میں 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ 19 کو بچا لیا گیا ہے۔ بچ جانے والوں میں سے بعد میں مزید 2 افراد ہلاک ہو گئے۔
عینی شاہدوں کے مطابق حادثے کے وقت دو درجن سے زائد افراد کنویں کی چھت پر موجود تھے۔ کنواں مندر کے احاطے میں ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس کے اوپر ہی مندر بنا ہوا ہے۔ حادثے کے وقت وہاں پوجا ہو رہی تھی۔
رپورٹس کے مطابق چھت گرنے کے بعد کنویں میں پھنسے کئی افراد اس کے برابر میں موجود سیڑھیوں پر چڑھ گئے تھے۔ ان میں کچھ بچے بھی شامل تھے۔ امدادی عملہ نے کنویں کے اندر سیڑھیاں ڈال کر اور لوگوں کو رسیوں سے باندھ کر نکالا۔
وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان نے اعلیٰ حکام کو بذریعہ فون ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت دی۔ ضلع کے اعلیٰ حکام حادثے کے مقام پر پہنچ گئے ۔ رپورٹس کے مطابق جائے حادثہ کے آس پاس کی گلیاں بہت تنگ ہیں جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں دشواری پیش آئی۔
اندور کے ضلع کلکٹر الیا راجہ کے مطابق اس حادثے کی تحقیقات کیں جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے ہلاک شدگان کے لواحقین کو چار چار لاکھ روپے اور 20 زخمیوں کے لیے پچاس پچاس ہزار روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔