ایک نیوز: وزیرپیٹرولیم نے گیس لوڈشیڈنگ کی انوکھی منطق بتاتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں سردی کی شدت میں اضافے سے گیس کی لوڈشیڈنگ بڑھ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرپیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سردی بڑھنے کی وجہ سے گیس کی کھپت بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے گیس لوڈ شیڈنگ کی شکایات کی تصدیق کرتے ہوئے فراہمی میں تعطل کی وجہ بھی بتا دی۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ سحر وافطارمیں بلا تعطل گیس فراہمی کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا بلوچستان میں سردی بڑھنے کی وجہ سے گیس کی کھپت بڑھ گئی ہے،بلوچستان کے عوام کو مشکلات سے بچانے کیلئے اضافی گیس دی جا رہی ہے۔
مصدق ملک نے بتایا کہ وزیراعظم نے سحر و افطار میں عوام کو گیس فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
خیال رہے کہ کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گیس بحران نے شہریوں کی زندگی مشکل بنادی، سحری اور افطاری کے وقت گیس کی عدم دستیابی سے صارفین کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں شہباز شریف نے سحروافطارمیں شہریوں کوگیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانےکی ہدایت کی۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم حکام پر برس پڑے، انہوں نے کہا کہ ماہ صیام میں گیس فراہمی پرحکمت عملی اپنانی چاہیےتھی۔ وزیر اعظم نے حکام کو گیس فراہمی کےعمل کی مسلسل نگرانی اورکوئی کوتاہی نہ برتنےکی ہدایت کی ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم نےگزشتہ روزکراچی میں گیس فراہمی کی شکایات کانوٹس لیاتھا۔