ایک نیوز: روس نے وال اسٹریٹ جرنل کے ماسکو بیورو میں کام کرنے والے امریکی رپورٹر کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا، وائٹ ہاؤس نے گرفتاری پر تشویش کا اظہار کردیا۔
خبرایجنسی کے مطابق گرفتاری کے بعد امریکی رپورٹر ایون گرشکووچ کو روسی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے انہیں 29 مئی تک حراست میں رکھنے کا حکم جاری کر دیا۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے روس میں امریکی رپورٹر کی گرفتاری پرتشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں اور میڈیا کے خلاف روس کے اقدامات قابل مذمت ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ امریکی رپورٹر کے اخبار وال اسٹریٹ جرنل سے رابطے میں ہیں۔
امریکی رپورٹر کی گرفتاری کے رد عمل میں وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی حکومت کی جانب سے امریکی شہریوں کے خلاف کارروائیاں قابل قبول نہیں ہیں، بائیڈن انتظامیہ گرفتار رپورٹر کے خاندان اور روسی حکومت سے رابطے میں ہے۔
امریکی رپورٹر کی گرفتاری کے بعد وائٹ ہاؤس نے روس میں مقیم امریکی شہریوں کو فوری طور پر روس چھوڑ نے کا مشورہ دےدیا۔