سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ میں ادھر ہی بیٹھ کر آپ (پی ٹی آئی حکومت) کا علاج جاری رکھوں گی۔انہوں نے کہا کہ میں چند دن بیمار کیا ہوئی، کانپتی حکومت کو امید ہوگئی کہ شاید میں علاج کروانے باہر جانے لگی ہوں۔ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ آپ کی امیدوں پر پانی پھیرنے کے لیے بتادوں کہ آپ کو گھر بھیجنے تک کہیں جانے کا ارادہ نہیں۔
دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی خراب صحت کے باعث لندن سے لاہور پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد اور مریم نواز کے والد نواز شریف کی ہدایت پر ڈاکٹر عدنان مریم نواز کا چیک اپ کریں گے۔
ڈاکٹر عدنان کی ہدایت پر مریم نواز کے مختلف ٹیسٹ لے لیے گئے ہیں، ٹیسٹ رپورٹس کے بعد آئندہ کے علاج کا طریقہ وضع کیا جائے گا۔ڈاکٹرز نے مریم نواز کو تھائی رائیڈ کا آپریشن بھی تجویز کر رکھا ہے، ڈاکٹر عدنان مریم نواز کی رپورٹس کی روشنی میں علاج تجویز کریں گے۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عدنان مریم نواز کا چیک اپ کرنے کے بعد نواز شریف کو آگاہ کریں گے۔