جماعت اسلامی اور حکومتی ممبران کے مذاکرات کا دوسرا دور مکمل 

Jul 31, 2024 | 19:06 PM

ایک نیوز:جماعت اسلامی اور حکومتی کمیٹی کے ممبران کے مذاکرات کا دوسرا دور مکمل ہوگیا ۔ 

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے  کمشنر راولپنڈی کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  آج ہمارے مذاکرات کا دوسرا دور تھا، ہم 6 روز سے دھرنا دیئے بیٹھے ہیں ہمارے کارکنان دھوپ، بارش اور حبس میں موجود ہیں ،حکومت نے مذاکرات کی پیشکش کی تھی جسے ہم نے قبول کیا ، مذاکرات بھی جاری رہیں گے اور دھرنا بھی جاری رہے گا ،حکومت کی مذاکراتی کمیٹی نے کہا تھا کہ ٹیکنیکل کمیٹی نے مطالبات کا جائزہ لیا ہے ،کمیٹی کے چاروں ممبران نے ہمارے مطالبات کا جائزہ لیا اور اتفاق کیا ۔ 

حکومت کو ہمارے کسی نقطے پر اختلاف نہیں حکومت کو واضح کر دیا ہے کہ دھرنا جاری رکھا جائے گا،کمیٹی میں سے کمیٹی نکلے گی تو پھر کمیٹی چوک ہی نکلے گا اب کمیٹی کمیٹی نہیں چلے گی، پٹرولیم مصنوعات اور زراعت پر ریلیف دیا جائے اگر حکومت کی غیر سنجیدگی نظر آئے تو ہم مذاکرات سے سائیڈ پر ہو جائیں گے ،حکومتی کمیٹی نے وقت لیا ہے،یہ دھرنا جاری رکھا جائے گا ہمیں بتایا گیا کہ عطاء تارڑ وزیراعظم کی کسی میٹنگ میں ہیں اسی وجہ سے نہیں  آئے ہیں۔ 

بجلی کے بل ادا کرنا اب عوام کے لئے مشکل ہو چکا ہے، حکومت ٹیکسسز کا خاتمہ کرے ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو فوری کم کیا جائے تنخواہ دار طبقے پر اضافے بوجھ کو کم کیا جائے ،حکومت کو ہر ادارے میں بدنامی کا سامنا ہے، انتظامی اخراجات کی وجہ سے لاوا پھٹنے کو تیار ہے ،سرکاری سطح پر مفت خوری کو ختم کیا جائے، عوام اس کو قبول کرنے کو تیار نہیں بیوروکریسی کے نمائندوں سے بھی کہا  ہےکہ اب نفرتوں کے پہاڑ کھڑے ہو چکے ہیں ،ہم نے یہ دھرنا عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے دے رکھا ہے صنعت کار اور تاجر ہمارے ساتھ ہے، ملک میں سیاسی بحران بھی ہے ملک میں دہشت گردی بڑھتی جارہے ہے، عوام ان چیزوں سے لاتعلق ہیں لوگ آئین، سیاست اور موجودہ حالات سے مایوس ہو چکے ہیں ۔ 

ان کا مزید کہناتھا حماس سربراہ اسماعیل ہانیہ  کی شہادت پورے عالم اسلام کیلئے صدمہ ہے، اسرائیل نے شیطانی واردات کا اعتراف کر لیا ہے، فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔  

مزیدخبریں