ایک نیوز: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ایشیاء انٹرنیٹ کولیشن کے3رکنی وفد نے ملاقات کی،وفد کی قیادت مینجنگ ڈائریکٹر ایشیاء انٹرنیٹ کولیشن جیف پئین کر رہے تھے۔
ملاقات میں ڈیٹا کے تحفظ ، انٹر نیٹ پر مواد کے حوالے سے ضابطہءاخلاق اور الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے حوالے سے حکمت عملی پر گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں انٹر نیٹ کی تیز تر اور بلا تعطل فراہمی کے لیے حکومت بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر میں بیرونی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے حوالے سے حکمت عملی پر عمل درآمد جاری ہے ، حکومت مصنوعی ذہانت پر مبنی بنیادی ڈھانچے کی ترویج پر کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو مصنوعی ذہانت انفراسٹرکچر کی حوالے سے خطے میں ایک نمایاں ملک بنانے کیلئےپر عزم ہیں ، حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان انیشئٹو کے تحت سارے نظام کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹائزیشن معیشت کو ڈیجیٹل خطوط اور خود کار نظام کی طرف لے جانے کے حوالے سے ایک بڑا سنگ میل ہو گا، پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل کے مسودے پر تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت جاری ہے ۔
وزیراعظم نے پاکستان اور ایشیاء پیپسفک ریجن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انٹر نیٹ انفراسٹرکچر کے فروغ کے لئے ایشیاء انٹرنیٹ کولیشن کی خدمات کو سراہا ،وفد کی وزیر اعظم کو ایشیاء انٹرنیٹ کولیشن کے پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں جاری اپنی سروسز سے آگاہ کیا ۔
ملاقات میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، تانیہ ایدروس اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔