سردار کمال کی وفات پر عمران اشرف سمیت فنکاروں کا اظہار افسوس

سردار کمال کی وفات پر عمران اشرف سمیت فنکاروں کا اظہار افسوس
کیپشن: Artistes including Imran Ashraf expressed their grief over the death of Sardar Kamal

ویب ڈیسک:گذشتہ روز معروف کامیڈین سردار کمال دل کا دورہ پڑنے سے وفات پائے گئے تھے، لیجنڈ کامیڈین کے انتقال پر دیگرفنکاروں نے انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اداکار عمران اشرف کا سردار کمال کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرے پاس کہنے کو الفاظ ہیں اور نہ میرا اس وقت خود پر قابو ہے کیونکہ بڑے سالوں بعد مجھے کوئی ایسا دوست ملا تھا، ملک نے ایک بہت بڑا فنکار اور کامیڈین کھویا ہے، وہ بہت ہی اچھے انسان اور ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں رہتے تھے۔
اداکار افضل خان (جان ریمبو) نے بھی سردار کمال کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ انکے ساتھ فنکار سے پہلے بھائیوں اور دوستوں والا تعلق تھا، میں اپنی پہلی فلم سے لیکر آخری شو تک ان کے ساتھ رہا تھا،اللہ تعالیٰ ان کی اگلی منزلیں آسان کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
سردار کمال کےساتھی اداکار ہنی البیلا کا کہنا تھا کہ سردار کمال کی اچانک موت کا بہت زیادہ دکھ ہے، کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جن کی شخصیت زندہ رہتی ہے، وہ بڑے خوش مزاج آدمی اور ہر دلعزیز تھے،اللہ پاک ان کو جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے۔
اداکار افتخار ٹھاکر نے کہا کہ سردار کمال کی موت انتہائی دکھ کی گھڑی ہے کیونکہ وہ صرف فنکار ہی نہیں بلکہ استاد بھی تھے ہم نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے، انتہائی پرخلوص انسان اور دوسروں کا خیال رکھتے تھے، تھیٹر کے حوالے سے میرے پسندیدہ فنکار تھے، ایسا کوئی شعبہ نہیں جس میں انہوں نے کام نہیں کیا، اللہ پاک ان کو جنت الفردوس میں جگہ اور گھر والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
کامیڈین نسیم وکی کا کہنا تھا کہ سردار کمال صرف فنکار نہیں بلکہ ہمارا بڑا بھائی اور استاد تھا، انکا جانا برداشت نہیں ہو رہا کہ لوگ اس طرح بھی چھوڑ جاتے ہیں، وہ بڑا فنکار، انسان، ہر خوبی کا مالک اور محبت کرنے والا تھا، اللہ تعالیٰ سردار کمال کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔