کپل دیو کی بھارتی کھلاڑیوں پر شدید تنقید

کپل دیو کی بھارتی کھلاڑیوں پر شدید تنقید

ایک نیوز: بھارت کے سابق لیجنڈری کرکٹر کپل دیو نے موجودہ بھارتی اسٹار کرکٹرز کے رویے پر کڑی تنقید کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند سالوں میں بھارتی کرکٹ میں کئی بڑی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں، بھارتی بورڈ کا شمار دنیا کے مہنگے اور امیر ترین کرکٹ بورڈ میں ہوتا ہےجس کی وجہ سے کرکٹرز کا سینٹرل کانٹریکٹ انتہائی اچھا ہے۔

اس کے علاوہ بھارتی کرکٹرز انڈین پریمیئر لیگ سے بھی خوب پیسہ کماتے ہیں، اس سب کے باوجود  کپل دیو کا ماننا ہے کہ کوئی بھی کھلاڑی کتنا ہی اچھا کھیل کھیلے بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے۔  کپل دیو نے موجودہ کرکٹرز پر تنقید کی اور کہا کہ 'اختلافات سامنے آتے رہتے ہیں، اس میں کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ ان کھلاڑیوں کی اچھی بات یہ ہے کہ یہ سب بہت پراعتماد ہیں لیکن اہم اور منفی نقطہ یہ ہے کہ کرکٹرز سمجھتے ہیں وہ سب کچھ جانتے ہیں'۔

کپل دیو نے کہا کہ  کھلاڑی  اتنے پراعتماد ہیں کہ سمجھتے ہیں انہیں کسی سے کچھ پوچھنے کی ضرورت ہی نہیں ہے لیکن ہمارا خیال ہے کہ ایک تجربہ کار شخص ان لوگوں کی ہر طرح سے رہنمائی کرسکتا ہے۔کبھی کبھی جب بہت زیادہ پیسہ آجاتا ہے تو اس کے ساتھ تکبر اور غرور بھی انسان میں آتا ہے۔

سابق لیجنڈری کرکٹر نے کہا کہ جب سنیل گواسکر جیسے تجربہ کار شخص موجود ہیں تو آپ لوگ ان کے پاس جاکر مشورے کیوں نہیں لیتے؟ اس میں انا کہاں سے آگئی؟ یہ لوگ سمجھتے ہیں ہم جو کررہے ہیں بالکل ٹھیک ہے اور اب ہم سب سے بہتر ہیں'۔ کپل دیو نے کہا 'ہوسکتا ہے کہ یہ کرکٹرز کافی اچھے ہوں لیکن کسی ایسے شخص سے اضافی مدد لینا جس نے کرکٹ کے 50 سیزن دیکھے ہوں اور چیزیں مناسب طریقے سے جانتا ہو، آپ کی سوچ بدل سکتا ہے'۔