سرکاری ہسپتالوں کی بہتری کا پلان تیار ،ہدایات جاری

Jul 31, 2023 | 15:34 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پرسرکاری ہسپتالوں کی بہتری کا پلان تیار کر لیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق  چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات بہتر بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔لاہور کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی پارکنگ کا انتظام لاہور پارکنگ کمپنی کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 حکام نےچیف سیکرٹری کو بریفنگ دی جس میں کہا گیا کہ28بڑے ہسپتالوں کی تعمیر و مرمت، طبی آلات کی فراہمی کیلئے 15ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کو صحت اور تعلیم کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت اہل مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔سہولیات کا معیار ایسا ہو کہ مریض سرکاری ہسپتال  سے علاج کروانے کو ترجیح دیں۔ 

چیف سیکرٹری نےہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں صحت اور تعلیم کی سہولیات بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دیں۔چیف سیکرٹری نےخانیوال میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کی آئی ایس او سرٹیفیکیشن کروانے کے ڈپٹی کمشنر کے اقدام کی تعریف کی۔  چیف سیکرٹری نےحکم دیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور عملہ کی سو فیصد حاضری کو یقینی بنایا جائے۔

https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-07-31/news-1690799635-9530.mp4

ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز کو بطور سربراہ ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیلتھ کونسلز  کواپنی ذمہ داریاں فعال انداز میں ادا کرنے کی ہدایت کی گئی۔سیکرٹری صحت علی جان نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ جس میں کہا گیا کہ ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو  ہسپتالوں کی ری ویمپنگ دسمبر تک مکمل کر لی جائے گی۔تمام بنیادی مراکز صحت میں مریضوں کا ڈیجیٹل یکارڈ مرتب کیا جا رہاہے۔ 

اجلاس میں خزانہ، پی اینڈ ڈی کے محکموں کے سیکرٹریز، محکمہ صحت کے حکام نےشرکت کی۔تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

مزیدخبریں