ایک نیوز:عدالت نے خدیجہ شاہ اورصنم جاوید سمیت دیگرکے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 دن کی توسیع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے سے متعلق سماعت ہوئی۔انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہرگل خان نے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے خدیجہ شاہ اور صنم جاوید سمیت دیگر کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 دن کی توسیع کردی اور خدیجہ شاہ اور دیگر کو 12 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
خدیجہ شاہ، صنم جاوید سمیت دیگر کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر پیش کیا گیا، تفتیشی افسر نے خواتین ملزمان کی جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی، کہا کہ مقدمہ کا چالان کی تیاری کے مرحلہ میں ہے مہلت دی جائے۔
ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڑ پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔ ملزمان پر جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کا الزام ہے۔