چینی نائب وزیراعظم کی وزیراعظم ہاؤس آمد ،مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط  

Jul 31, 2023 | 12:37 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز : چینی نائب وزیرِ اعظم ہی لی فینگ کا وزیراعظم ہاؤس آمد پرپرتپاک استقبال کیاگیا۔سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی کئی یادداشتوں پر دستخط کردیئے گئے۔

 چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فنگ سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر ہونیوالی تقریب میں شرکت کیلئے  وزیراعظم ہاؤس پہنچے  تو وزیراعظم شہباز شریف نے مرکزی داخلی دروازے پر چینی وفد کا استقبال کیا۔

وزیراعظم نے چینی نائب وزیراعظم ہی لی فنگ سے وفاقی وزراء بلاول بھٹو زرداری، اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ، سید نوید قمر، احسن اقبال، سعد رفیق، مریم اورنگزیب، حنا ربانی کھر اور طارق فاطمی کا خود تعارف کرایا۔

 وزیرِ اعظم شہباز شریف اور چینی نائب وزیرِ اعظم ہی لی فینگ نے مفاہمتی یاداشت پردستخط کی تقریب میں شرکت  کی۔چین اور پاکستان کے درمیان ایم ایل ون کے فریم ورک اور شاہراہ قراقرم کی ری الائنمنٹ سمیت مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہو گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے 10 سال مکمل ہونے پر میں چین کے نائب وزیر اعظم ہی لیفینگ کی پاکستان آمد پر شکر گزار ہوں۔سی پیک معاہدے پر دستخط آج سے 10 برس قبل سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق چینی صدر شی جن پنگ نے کئے تھے اور اس کی سیاہی سوکھنے سے قبل ہی اس پر عملدرآمد کا آغاز ہوگیا تھا۔

شہبازشریف کاکہنا تھاکہ معاہدے کی بدولت آج ہم کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان میں شعبہ توانائی، روڈ، انفرااسٹرکچر، پبلک ٹرانسپورٹ اور ہائیڈل پاور سیکٹر میں 25 ارب ڈالرز سے زیادہ کی سرمایہ کاری آئی۔مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخلے ہورہے ہیں، آج ہم نے کچھ اہم دستاویزات پر دستخط کئے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون میں مزید اضافے کا سبب بنیں گے، ہم سی پیک کا دوسرا مرحلہ نئے ماڈل کے تحت آگے بڑھائیں گے، یہ بزنس ٹو بزنس، سرمایہ کاری، زراعت اور آئی ٹی پر مرکوز ہوگا تاکہ چین کے تعاون سے پاکستان اپنی مصنوعات چینی حکومت کے معیار اور ضروریات کے مطابق برآمد کرسکے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میں چین کے نائب وزیراعظم کو بطور خصوصی سفیر پاکستان بھیجنے پر صدر شی جن پنگ کا شکر گزار ہوں، اس سے دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ چین اور پاکستان ایک ایسے تعلق میں جڑے ہیں جو دنیا میں منفرد ہے، پاکستان اور چین کے درمیان یہ دوستی ہمیشہ برقرار رہے گی اور اس میں ہم کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔

مزیدخبریں