کیا تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ رضوانہ کو زہر دیا گیا؟

Jul 31, 2023 | 12:12 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ 7 روز سے جنرل اسپتال میں زیر علاج ہے،زہر دیئے جانے کا ٹیسٹ فرانزک کو بھیج دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق  تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ 7 روز سے جنرل اسپتال میں زیر علاج ہے،   پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج الفرید ظفر کا کہنا ہےکہ 2 روز رضوانہ کے لیے اہم ہیں،زہر دیئے جانے کا ٹیسٹ فرانزک کو بھیج دیا ہے۔

پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج الفرید ظفر  نے ایک نیوز سے گفتگو کرتےہوئے کہا کہ رضوانہ کی طبیعت کبھی ٹھیک کبھی خراب ہو جاتی ہے۔ طبعیت بگڑنے پر رضوانہ کو آکسیجن لگانا پڑتی ہے ،   رضوانہ کچھ نہ کچھ کھا پی رہی ہے ۔ رضوانہ کے سر اور کمر کے زخموں میں بہتری آرہی ہے، رضوانہ کا ایکو ٹیسٹ ٹھیک آیا ہے، بچی کی ادویات میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔

دوسری جانب چودہ سالہ رضوانہ کی میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد مقدمے کی دفعات میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔تھانہ ہمک میں درج مقدمے میں اقدام قتل کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔اس کے علاوہ جسم کے بیشتر اعضاء کی ہڈیوں کو توڑنے کی دفعات بھی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ چودہ سالہ گھریلو ملازمہ رضوانہ  کو سول جج عاصم حفیظ کی اہلیہ نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ملزمہ نے یکم اگست تک لاہور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت بھی حاصل کر رکھی ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ بچی کو انصاف فراہمی کے احکامات بھی جاری کر رکھے ہیں۔

مزیدخبریں