ایک نیوز: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران اماراتی ہم منصب عبداللہ بن زید النہیان سے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جو گزشتہ روز دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے تھے ان کی اماراتی ہم منصب عبداللہ بن زید النہیان سے ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بلاول بھٹو نے یو اے ای کے شاہی خاندان کے شیخ سعید بن زید کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یو اے ای کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زید سے مل کر خوشی ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات اور خطے میں ہونے والی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر سمیت دوطرفہ کثیر جہتی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مشکل وقت میں پاکستان کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے گراں قدر تعاون کو سراہا۔