ایک نیوز: پاکستان منرلز سمٹ سیمینار کل منعقد ہوگا، جس میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف مہمان خصوصی جب کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر مہمان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کریں گے، بین الاقوامی مندوبین اور سرمایہ کاروں کی بھی شرکت متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملکی معاشی ترقی کے لیے دستیاب دھاتی، ایندھن، صنعتی معدنیات، قیمتی پتھر کے 50 ٹریلین ڈالر سے زائد معدنی ذخائر کے بہتر استعمال کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں کل ایک بڑا سیمینار منعقد ہونے جا رہا ہے۔
پاکستان میں معدنیات کا ایک بڑا ذخیرہ پایا جاتا ہے، جس کو استعمال کر کے ملک میں خوش حالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، 2019 میں پاکستان کے معدنی ذخائر کا تخمینہ 50 ٹریلین ڈالر سے زیادہ لگایا گیا، جس میں دھاتی، ایندھن، صنعتی معدنیات، قیمتی پتھر، عمارتی پتھر، مٹی اور دیگر وسائل شامل ہیں، جب کہ 2018 میں معدنی ایندھن، تیل اور کشید کرنے والی مصنوعات کی برآمدات 500 ملین ڈالر رہی۔
معدنیات ایس آئی ایف سی کا اہم جز اور ملک میں معاشی انقلاب کی حیثیت رکھتا ہے، اس سلسلے میں اسلام آباد میں یکم اگست کو پاکستان منرلز سمٹ کے نام سے سیمینار کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف مہمان خصوصی جب کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر گیسٹ آف آنر کی حیثیت سے شرکت کریں گے، سیمینار میں بین الاقوامی مندوبین اور سرمایہ کار بھی شرکت کریں گے، ملکی اہم شخصیات، خلیجی ممالک، چین اور یورپی یونین کے سفارتکار اور معدنیات کے شعبے سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔
سیمینار کا بنیادی مقصد پاکستان میں معدنیات کے شعبے کی استعداد اور صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے تاکہ ملکی سرمایہ کاری کو دوام بخشا جا سکے، سیمینار کا انعقاد اسپیشل انوسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے زیر اہتمام معاشی ترقی کے بحالی منصوبے کی ایک کڑی ہے، منرل کے شعبے میں انقلاب ملکی معیشت کے دیگر شعبوں میں بھی ترقی کا باعث بنے گا۔