ایک نیوز :سمندری طوفان ڈوکسوری کے زیر اثر چین کے شمالی علاقوں میں شدید بارشیں ہوئی ہیں جبکہ صوبے فوجیان میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے جس کی وجہ سے گاڑیاں اور رہائشی علاقے کیچڑ میں گھر گئے ہیں۔
طوفان کی وجہ سے شمالی چین بالخصوص دارالحکومت بیجنگ میں شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے اور بیجنگ میں ریڈ الرٹ جاری کرنے کے ساتھ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق بیجنگ میں طوفان کے زیر اثر شدید بارشوں کے ریڈ الرٹ کے بعد شہر میں کھیلوں کے مقابلے منسوخ کر دیے گئے۔ کئی سیاحتی مقامات اور پارکس کو بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری طرف شدید بارشوں سے صوبے فوجیان میں لینڈ سلائیڈنگ سے گاڑیاں اور رہائشی علاقے پانی اور کیچڑ میں گھر گئے، مسلسل بارشوں سے سیلابی صورتحال کے باعث کئی علاقوں میں کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔
متاثرہ علاقوں میں پانی میں پھنسے لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے نکالا گیا، فلپائن، تائیوان اور چینی ساحل سے ٹکرانے والے طاقتور طوفان کی وجہ سے آئندہ تین دنوں میں بیجنگ میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔