وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی کا سیلاب متاثرین کیلئے مالی امداد کااعلان

Jul 31, 2022 | 13:22 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے سیلاب متاثرین کے لئے مالی امداد کااعلان کردیا، پنجاب حکومت سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 8،8لا کھ روپے مالی امداد دے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی کی زیرصدارت اجلاس ایوان وزیراعلیٰ میں ہوا، اجلاس میں ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفر گڑھ اور میانوالی کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب میں چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ گھروں، فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرہ افراد کی مالی معاونت کی جائے گی۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں سب سے پہلے ریسکیو 1122کا عملہ پہنچا ہے۔

وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگانے کی ہدایت کی۔ میڈیکل کیمپس میں سیلاب متاثرین کو وبائی امراض سے بچاؤ کی ویکسین بھی لگائی جائے۔ سانپ کاٹنے اور ہیضہ سے بچاؤ کی ادویات میڈیکل کیمپس میں دستیاب ہونی چاہئیں۔ سیلاب متاثرین میں خشک راشن تقسیم کیا جائے۔ ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے سیلابی پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔ کمشنر،ڈپٹی کمشنرز،آر پی او اور ڈی پی اوز منتخب نمائندوں کے ساتھ ملکر متاثرین کی دادرسی کیلئے کوئی کسراٹھا نہ رکھیں، ریلیف کی تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے اور باقاعدگی سے رپورٹ پیش کی جائے۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی جلد تعمیر و مرمت کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ سڑکوں کی بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کیا جائے۔

مزیدخبریں