مری میں شدید برفباری،سیاح پھنس گئے، پاک فوج مدد کو پہنچ گئی

ملکہ کوہسار مری میں برف باری کا سلسلہ جاری 
کیپشن: ملکہ کوہسار مری میں برف باری کا سلسلہ جاری 

ویب ڈیسک:مری میں  شدید برفباری کے بعد انتظامیہ ناکام،شاہراہوں سے برف نہ ہٹائی جا سکی،سیاح  پھنس گئے۔ مزید گاڑیوں کے داخلے پرپابندی کا فیصلہ ،پاک فوج کے جوان مدد کو پہنچ گئے۔

ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کا ایکسپریس ہائی وے کا دورہ ،این ایچ اے کو بہترین مشینری استعمال نہ کرنے پر بھی برہمی کا اظہار کیا ۔ 

 ڈپٹی کمشنر مری میونسپل کارپوریشن مری کے حدود میں ٹریفک رش اور پھسلن کی وجہ سے آہستہ ضرور ہے مگر پہیہ چل رہا ہے۔ تمام انتظامی محکموں کے افسران و اہلکار فیلڈ میں موجود ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ایڈوائزری پر عمل یقینی بنائیں۔ 

 تفصیلات کے مطابق  مری میں 10 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی، مری ایکسپریس وے ڈنہ، مسیاڑی، لکوٹ، ملاچھ کے مقام پر سڑک سے برف صاف نہ کی گئی جس کے باعث دونوں اطرف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

مری میں شاہراہوں سے برف ہٹانے کیلئے مشنیری ناکافی،ابتک مری ایکسپریس وے پرسینکڑوں گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنس گئیں۔مری جی ٹی روڈ پربھی ٹریفک بری طرح متاثرہوئی۔

 لوہر ٹوپہ تا کوہالہ سرینگر روڈ لوہر ٹوپہ کے قریب ڈونگی کے مقام پر برف باری اور پھسلن کے باعث ٹریفک جام ،4 گھنٹے سے مسافر ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے ہیں۔

مقامی انتظامیہ کاکہنا ہے کہ سڑکوں پرپھنسے سیاحوں کی رہائش کیلئے مقامی ہوٹلز میں بندوبست کیاجارہاہے۔

گلیات میں 2روز سے وقفےوقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری، چھانگلہ گلی ، ایوبیہ اور نتھیا گلی کے علاقوں میں7 انچ تک برف پڑھ چکی ہے۔سردی کی شدت میں اضافے کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔ 

   دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ شدید ژالہ باری سے سڑکیں سفید ہو گئیں۔شہریوں کو ٹریفک مسائل کا سامنا، ژالہ باری سے ٹھنڈ بھی بڑھ گئی ۔

محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ مغربی ہواؤں اور بارشوں کا نیا سپیل پاکستان میں داخل ہو چکا،راولپنڈی اور گردونواح میں بارشیں مزید2روز تک جاری رہ سکتیں ہیں۔