ایک نیوز: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ 2013 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کو دہشتگردوں نے الیکشن لڑنے کا این او سی دیا۔بانی پی ٹی آئی اور نوازشریف مکافات عمل اس دنیا میں دیکھیں گے جب کہ نوازشریف نے مکافات عمل کے طورپر اپنی بیٹی کے ساتھ انتقامی سیاست ہوتے ہوئے دیکھی۔
تفصیلات کے مطابق ملاکنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پی پی کو تو کسی الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، 2018 کے الیکشن میں پی پی کو انتخابی مہم چلانے نہیں دی گئی۔
بلاول نے کہا کہ یہ کہتے تھے موسم خراب ہے، دہشتگردی کا خطرہ ہے، ہم تمام مسائل کا مل کر مقابلہ کریں گے۔آپ نے دہشتگردی کا مقابلہ کیا، شہادتیں قبول کیں، اب 8 فروری کو عوام کے پاس اپنا اصل نمائندہ منتخب کرنے کا موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت پسند پارٹی ہے، سابق وزیراعظم کی سزا پر جشن نہیں مناسکتے۔بانی پی ٹی آئی نے تبدیلی کا وعدہ کرکے نفرت کی سیاست کی، بانی پی ٹی آئی اور نوازشریف کو مکافات عمل دیکھنا ہوگا، بانی پی ٹی آئی کو توبہ کرنا چاہیے، بانی پی ٹی آئی کہتا تھا کہ میں ان کو رلاؤں گا، آج خود رو رہا ہے۔بشریٰ بی بی کے جیل جانے پر دلی افسوس ہے۔
بلاول نے سوال کیا کہ کیا آپ مجھے 8 فروری کو اپنا وزیراعظم منتخب کریں گے؟ کیا ن لیگ والے ووٹ کی عزت کررہے ہیں؟ وقت آگیا عوام ایک نئی سوچ اور سیاست کو ووٹ دیں۔چوتھی بار والی سازش کو ناکام بنانا ہوگا۔حکومت میں آیا تو پہلے دن ہی سیاسی قیدیوں کو رہا کروں گا۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پی پی وہ جماعت ہے جو شیر کا راستہ روک سکتی ہے، آپ ہماری شکل پسند کریں یانہ کریں میدان میں ہم ہیں اور وہ ہیں۔