الیکشن کمیشن کا چند حلقوں میں انتخابات ملتوی کرنے کا عندیہ

Jan 31, 2024 | 15:11 PM

ایک نیوز: الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی کاغذ دستیاب نہ ہونے کی صورت میں چند حلقوں میں انتخابات ملتوی کرنے کا عندیہ دے دیا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق عدالتی فیصلوں کے باعث کئی حلقوں میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی دوبارہ کرنا پڑ رہی ہے۔ سیکیورٹی کاغذ کی دستیابی اور بروقت چھپائی بڑا چیلنج ہے۔

تفصیلات کے مطابق بیلیٹ پیپرز کی دوبارہ چھپائی کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں اجلاس ہوا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق جن حلقوں میں بیلیٹ پیپرز کی دوبارہ چھپائی کرانا پڑ رہی ہے ان کو آخر میں چھاپا جائے گا۔ بیلٹ پیپرز کی دوبارہ چھپائی خصوصی سیکیورٹی کاغذ اور وقت کی دستیابی پر منحصر ہو گی۔ 

ترجمان کا کہنا ہے کہ اس وقت انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی جاری ہے۔ 2018 کے انتخابات میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے لیے 800 ٹن خصوصی سیکیورٹی کاغذ  استعمال ہوا تھا۔ 2024 کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی کثیر تعداد کے پیش نظر 2400 ٹن خصوصی سیکیورٹی کاغذ کی ضرورت پڑی۔ 

ترجمان نے مزید کہا کہ صورت حال کی سنگینی کے باعث بیلٹ پیپر کے سائز کو کم کرنے کا فیصلہ کیا۔ بیلٹ پیپر کا سائز کم کرنے سے خصوصی سیکیورٹی کاغذ  کی ضرورت 2 ہزار 170 ٹن رہ گئی ہے۔ یہ تعداد محض ایک دفعہ بیلٹ پیپر کی چھپائی کے لیے بمشکل کافی ہے۔

مزیدخبریں