ایک نیوز: اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ جس کے تحت گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9 کارروائیوں میں 24 کلو سے زائد منشیات برآمد کرکے 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ سے بحرین جانے والے مسافر سے 2 کلو آئس برآمد کرلی گئی۔ باچا خان ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر سے 774 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
ملتان ایئرپورٹ سے قطر جانے والے مسافر سے 700 گرام آئس برآمد ہوئی۔ اسلام آباد ایئرپورٹ سے شارجہ جانے والے مسافر سے 684 گرام چرس برآمد کی گئی۔ راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 460 گرام ویڈ برآمد کرکے ملزم گرفتار کرلیا گیا۔
سہراب گوٹھ کراچی کے مسافر سے 10 کلو چرس برآمد ہوئی جبکہ چمکنی پشاور کے قریب ملزم سے 5 کلو چرس برآمد کی گئی۔ اسی طرح پشاور کے قریب ملزم سے 4 کلو چرس برآمد ہوئی اور لاہور میں تین ملزمان سے 1 کلو افیون اور 526 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔
گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔