ملک کےمختلف علاقوں میں بارش،پہاڑوں پر برف باری

Jan 31, 2024 | 09:44 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز!ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی میں بارش سے موسم سرد ہوگیا ، جبکہ لاہور کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بادل برس پڑے، لاہور کے علاقے گڑھی شاہو، مال روڈ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی اور باغبانپورہ میں بارش ہوئی، مغل پورہ، گوالمنڈی، ریلوے سٹیشن اور لاری اڈا کے اطراف بھی رم جھم ہوئی، چوبرجی، انارکلی ،مزنگ، چونگی امرسدھو، گجومتہ اور کاہنہ سمیت مختلف علاقوں میں بونداباندی کے باعث دھند میں نمایاں کمی آگئی۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک پر اثر انداز ہو رہا ہے جو 4 فروری تک برقرار رہے گا، صوبائی دارالحکومت میں 4 فروری تک وقفے وقفے سے بارش برسنے کا سلسلہ جاری رہے گا، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 12جبکہ زیادہ سے زیادہ 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات نے آج سے 4 فروری کے دوران مری گلیات میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ 

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق مری ،گلیات ،سوات اور کوہستان میں بارش، برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے ، بارش اور برف باری کے دوران سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر خیبرپختونخوا میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ، شوگراں، سری پایہ ، مکڑہ پیک پر برف پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ، ناران جھیل سیف الملوک، لولوسر لیک پر چار فٹ برف ریکارڈکی گئی ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک پہاڑوں پر بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہے گی۔

مزیدخبریں