ایک نیوز:وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ سالک حسین کا الیکشن کمیشن کے فیصلے پر کہنا تھا کہ مسلم لیگ ق کی کمر میں خنجر گھونپنے والے نہ گھر کے رہے نہ باہر کے۔شجاعت حسین کی قیادت میں ہرکارکن متحد ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں چودھری سالک حسین کا کہنا تھا کہ پارٹی کو کالی بھیڑوں اور سازشیوں سے پاک کریں گے۔
چودھری سالک حسین کا کہنا ہے کہ اللّٰہ کا شکر ہے کہ سچ جیت گیا اور جھوٹ، فسطائیت ہار گئی۔کارکنوں اور عوام کی توقعات و امیدوں پر پورا اتریں گے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چودھری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کے معاملے پر فیصلہ سنا دیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اپنے فیصلے میں کہنا ہے کہ چوہدری شجاعت پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر برقرار ہیں۔
فیصلے میں کہاگیا سینٹرل ورکنگ کمیٹی کی کارروائی کو کوئی قانونی حیثیت حاصل نہیں ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں چودھری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت سے فارغ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اجلاس میں چودھری شجاعت حسین کو صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ کرتے ہوئے چودھری وجاہت حسین کو نیا صدر بنا یا گیا تھا۔