خاتون مسافر نے ہوائی جہاز میں کپڑے کیوں اتار دئیے؟

Jan 31, 2023 | 14:36 PM

ایک نیوز:  بھارتی ائیر لائنز اور مسافروں کی بدتہذیبی اور غیر اخلاقی روئیے کی خبریں مسلسل ہیڈ لائنز میں ہیں ۔ اب نیا معاملہ وستارا فلائٹ کا سامنے آیا ہے۔ فلائٹ میں خاتون مسافر نے عملہ کے ساتھ بدتمیزی کی،ان پر حملہ کیا۔ یہی نہیں بلکہ بتایا جا رہا ہے کہ اس خاتون نے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ اور اس نے کیبن عملہ پر تھوک بھی دیا اور پھر فلائٹ میں ہی اپنے کپڑے اتار دیئے اور پھر برہنہ ہو کر راہداری میں گھومنے لگی۔

  رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ  ابوظہبی سے ممبئی آنے والی پرواز یوکے 256  میں پیش آیا۔ ملزمہ خاتون اٹلی کی  شہری  ہے۔ پولیس کے مطابق اطالوی نژاد خاتون کا نام پاولا پیروچیو ہے۔ خاتون نے کیبن عملہ سے اکانومی ٹکٹ ہونے کے باوجود بزنس کلاس میں بیٹھنے پر اصرار کیا۔ جب عملے نے انکار کیا تو وہ پرتشدد ہوگئی اور لڑائی شروع کردی۔ ممبئی پولیس نے خاتون کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے نوٹس جاری کر دیا ہے۔

وستارا ائیرلائن  کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعہ 30 جنوری کو فلائٹ نمبر یوکے  256میں پیش آیا۔ کمپنی کے مطابق جہاز نے ابوظہبی سے ممبئی کے لیے ٹیک آف کیا ہی تھا کہ پرواز میں سوار خاتون مسافر بے قابو ہو گئی اور اس نے پرتشدد سلوک کیا۔ اس نے کیبن عملہ اور دیگر مسافروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ اس رویے پر فلائٹ کے کپتان نے خاتون کو وارننگ کارڈ جاری کیا۔

 یادرہے اس سے قبل 26 نومبر کو دھوت شنکر مشرا نامی شخص نے نیویارک سے دہلی آنے والی فلائٹ میں بزنس کلاس میں بیٹھی 70 سالہ خاتون مسافر پر پیشاب کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو 7 جنوری کو بنگلورو سے گرفتار کیا تھا۔ ملزم کو واقعہ کے 42 دن بعد گرفتار کیا جا سکا۔ ممبئی کا رہنے والا شنکر واقعہ کے بعد سے فرار تھا۔

مزیدخبریں