عمران خان حملہ کیس: نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف درخواست غیرمعینہ مدت تک ملتوی

عمران خان حملہ کیس: نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف درخواست غیرمعینہ مدت تک ملتوی
کیپشن: Imran Khan attack case: Petition against formation of new JIT postponed indefinitely(file photo)

ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان پر وزیرآباد حملہ کیس کی تحققات میں بنائی گئی جے آئی ٹی کی تشکیل کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسے عدالت نے غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردیا۔ 

تفصیلات کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی  بنچ نے ڈاکٹر یاسمین  راشد کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دینے کی ہدایت کی۔ جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کس طرح متاثرہ فریق ہے؟ اس پر وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ درخواست گزار  25 مارچ کو تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں زخمی ہوئیں اور اس حوالے سے عدالت آئیں۔ 

وکیل نے اپنے دلائل میں مزید کہا کہ درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ عمران خان پر حملے کی تحقیقات کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے بنائی گئی جے آئی ٹی غیر قانونی ہے۔ پنجاب حکومت نے تحقیقات کے لیے پہلے سے جے آئی ٹی بنا رکھی ہے اور ایک جے آئی ٹی کی موجودگی میں دوسری جے آئی ٹی نہیں بنائی جا سکتی۔ 

وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت وفاقی حکومت کی جانب سے بنائی گئی جے آئی ٹی کالعدم قرار دے۔ اس کے علاوہ عدالت میں درخواست کے حتمی فیصلے تک جے آئی ٹی کو کام سے روکا جائے۔